یوکرین کے اناج معاہدے کی بحالی کیلئے ترک صدر کی روسی ہم منصب سے ملاقات
یوکرین کے اناج معاہدے کی بحالی کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے روسی شہر سوچی میں ملاقات کی ہے۔ جس میں اناج معاہدے سمیت مختلف علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔
روس کے شہر سوچی میں ترک صدر اور ولادیمیر پوٹن کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ روسی صدر نے رجب طیب اردوان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترک صدر نے پیوٹن سے ملاقات میں اپنے افتتاحی کلمات میں کہا، ہر کوئی اناج راہداری کے مسئلے کو دیکھ رہا ہے۔
طیب اردوان کا روس میں خیرمقدم کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ’ہم اس سوال پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔‘
واضح رہے کہ دونوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات روس کی جانب سے اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں طے پانے والے اناج کے معاہدے سے دستبرداری کے تقریبا دو ماہ بعد ہوئی۔
ترکی روس کو اس معاہدے میں دوبارہ شامل ہونے پر آمادہ کرنا چاہتا ہے ، جس نے یوکرین کو بحیرہ اسود کے پار زرعی سامان (اجناس وغیرہ) برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔
یاد رہے کہ روس ، اناج کے جس معاہدے سے دستبردار ہوا تھا اس میں یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ کے دوران بحیرہ اسود کی اپنی تین بندرگاہوں سے اناج اور دیگر اجناس برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن روسی حدود میں ڈرون حملے کے بعد روس نے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی بحیرہ اسود سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
Comments are closed on this story.