Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی والوں کے لئے بجلی 10 روپے 32 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

اضافہ2022-23 کی مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مانگا گیا ہے
شائع 04 ستمبر 2023 04:14pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

حکومت کی جانب سے کراچی والوں کے لئے بجلی فی یونٹ 10 روپے 32 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ قیمت میں اضافہ2022-23 کی مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مانگا گیا ہے۔

حکومت نے کراچی کے بجلی صارفین پر مزید بجلی گرائے جانے کی تیاری کرلی ہے، اور کے الیکٹرک صارفین کے لئے بجلی 10روپے 32 پیسے فی یونٹ تک مزید مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی ہے۔

درخواست کے مطابق بجلی قیمتوں میں اضافہ 2022-23 کی مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مانگا گیا ہے۔

درخواست میں اکتوبر تا دسمبر 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں47 پیسے، جولائی تا ستمبر 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 4.45 روپے فی یونٹ وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کی جانب سے حکومتی درخواست پر11ستمبر کو سماعت کی جائے گی، اور سماعت کے بعد نیپرا قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرے گا۔

ملک میں نرخ برابر رکھنے کے لئے درخواست کی گئی ہے

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے بیان جاری کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں پر موجودہ درخواست پاور ڈویژن کی جانب سے ملک میں نرخ برابر رکھنے کے لیے کی گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ بجلی نرخوں اور ٹیکسز کے تعین کرنے کی ذمہ داری حکومت کے پاس ہے، انفرادی بجلی تقسیم کار کمپنیز بجلی کے نرخ میں تبدیلی کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔

ترجمان کے مطابق نرخ میں ردوبدل اور اس کی اطلاق کے لیے سماعت کے بعد حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اور ملکی قوانین کے تحت کے الیکٹرک اس پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہوگا۔

nepra

K-Electric