10 ماہ کی بچی کے پیٹ میں بچہ ہونے کا انکشاف
صادق آباد میں بختاور میموریل اسپتال میں اپنی نوعیت کا پہلا، منفرد اور حیرت انگیز آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران ناقابل یقین واقعہ رونما ہوا، جسے دیکھ کر ڈاکٹر بھی سکتے میں آگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 10 ماہ کی بچی کو پیٹ کی تکلیف کے علاج کے لیے اسپتال لایا گیا، الٹرا ساؤنڈ میں پیٹ میں رسولی اور پانی کی جھلی کی تشخیص ہوئی۔
بچی کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر چائلڈ سرجن مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ جب آپریشن کا آغاز کیا گیا تو سب کچھ نارمل تھا، دو گھنٹے آپریشن کے بعد بچی کے پیٹ سے رسولی نکالی تو حیرت انگیز انکشاف ہوا، کیونکہ بچی کے پیٹ سے نکلنے والی رسولی دراصل بچہ تھا۔
دس ماہ کی بچی کے پیٹ میں بچہ پرورش پا رہا تھا۔
بچی کے والد کا کہنا تھا کہ پیدائش کے ایک ماہ بعد بچی کو اکثر پیٹ میں درد رہتا تھا، بہت علاج کروائے، پھر الٹراساونڈ کروایا تو رسوالی بتائی گئی۔
ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا واقعہ دس لاکھ افراد میں سے ایک میں ہوتا ہے، دراصل یہ عمل جڑواں بچوں کا ہوتا ہے جس میں ماں کے پیٹ میں ایک بچہ دوسرے بچے کے پیٹ میں پرورش پاتا ہے۔
اس کا پہلا کیس 1945 میں سامنے آیا تھا، پوری دنیا میں اب تک 100 کیسز مختلف ممالک میں ہوچکے ہیں۔
کامیاب آپریشن کے بعد بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے، آپریشن کے بعد مزید ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیبارٹری بھیجا گیا ہے تاکہ مزید تشخص ہوسکے۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ آپریشن بہت پیچیدہ تھا، پہلی ترجیہ بچی کی زندگی بچانا تھا، اللہ نے کامیابی عطا کی۔
Comments are closed on this story.