Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’عمران خان نے اسی وکیل کا انتخاب کیا جس نے ملعون سلمان رشدی کا مقدمہ لڑا تھا‘

بس اس کی کسررہ گئی تھی، مریم نواز اور عطا تارڑ کی تنقید
اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2023 08:49pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی چیئرمین کے غیر قانونی حراست اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق مقدمات میں برطانوی بیرسٹر جیفری رونالڈ رابرٹسن کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلے پرمسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ منافقت کی بھی حد ہوتی ہے، عمران خان نے اسی وکیل کا انتخاب کیا جس نے ملعون سلمان رشدی کا مقدمہ لڑا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے لکھا، ’کتنے تعجب کی بات ہے کہ اپنی نمائندگی کرنے کے لیے عمران خان نے اسی وکیل کا انتخاب کیا جس نے ملعون سلمان رشدی کا مقدمہ لڑا تھا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہی عمران خان کا دوہرا چہرہ ہے۔ پاکستان میں ریاست مدینہ کے جھوٹے دعوے اور باہر کی دنیا میں اسلام مخالف لابی سے مدد کی اپیل۔‘

مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ ’سلمان رشدی دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث ہے اور اگر انہی لوگوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف ساز باز کرنا ہے تو ریاستِ مدینہ کا دعویٰ کیوں؟‘

انہوں نے لکھا، ’منافقت کی بھی حد ہوتی ہے‘۔

ن لیگی رہنما عطا تارڑ نے بھی پریس کانفرنس میں عمران خان تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، ’کیا آپ اس ملک اور ریاست کے خلاف عالمی عدالت جارہے ہیں، بس اس کی کسررہ گئی تھی‘۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آپ نے 9 مئی واقعات میں اداروں کو نشانہ بنایا، جیفری روبرٹسن کو وکیل مقرر کیا ہے، میں حیران ہوں کوئی اتنا مکروہ کام بھی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیفری روبرٹسن سلمان رشدی کی وکالت کرچکا ہے، کیا پوری دنیا میں آپ کو سلمان رشدی کا ہی وکیل ملا تھا۔ جیفری روبرٹسن کہتا ہے میں نے رشدی کو اپنے گھر میں پناہ دی۔ گھر میں پناہ اسے دیتے ہیں جس سے لگاؤ ہوتا ہے۔

عطا تارڑ نےدعویٰ کیا کہ جیفری روبرٹسن کے اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، انہوں نے 1971 میں فوج کے خلاف رپورٹ لکھی۔

مزید پڑھیں: ’آئی ایم ناٹ دلاور آئی ایم دلیر‘، سائفر کیس میں عمران کی درخواست ضمانت پر جج کے ریمارکس

لیگی رہنما نےمزید کہا کہ کس نے کہا تھا سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے؟ ہم نے کہا تھا کہ آپ ہیرے جواہرات کا کام شروع کردیں؟ ہم نے نہیں کہا تھا کہ القادر نیورسٹی میں زمین لے کر پراپرٹی ٹائیکون کو اربوں کا فائدہ دیں۔ سانحہ 9 مئی میں آپ کا پورا خاندان ملوث ہے۔

عطا تارڑ نے عمران خان کے سُسر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گولڈ اسمتھ اور جیفری رابرٹسن کے تانے بانے ملتے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ اسی وکیل کی خدمات ماضی میں نواز لیگ کے رہنما اسحاق ڈار اور ناصر بٹ لندن میں مقدمات لڑنے کیلئے لے چکے ہیں۔

pti

imran khan

Atta Tarrar

Barrister Geoffrey Robertson