Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جلاوطنی ختم کرکے جیل جانیوالے سابق تھائی وزیراعظم کی بیشتر سزا معاف

تھاکسن شناوترا سزا پوری کرکے تھائی لینڈ اور اس کے عوام کی خدمت کر سکیں گے
شائع 01 ستمبر 2023 10:25pm
فوٹو ــ روئٹرز
فوٹو ــ روئٹرز

تھائی بادشاہ نے جلاوطنی ختم کرکے جیل جانیوالے سابق تھائی وزیراعظم تھاکسن شناوترا کی سزا کم کرکے ایک سال کردی۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے تھاکسن شناوترا کی سزا کو آٹھ سال سے کم کرکے ایک سال کر دیا ہے۔

شاہی گزٹ میں شائع ہونے والی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سب سے مشہور سیاستدان نے ”اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور افسوس کا اظہار کیا ہے“، مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم عمر رسیدہ اور بیمار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تھاکسن نے وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے اور وہ بادشاہت کے وفادار رہے ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے عدالتی عمل کا احترام کیا ہے۔ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد تھاکسن اپنے علم اور تجربے سے حصہ ڈال کر تھائی لینڈ اور اس کے عوام کی خدمت کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن شناوترا کو 15 سال کی خود ساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے بعد وطن پہنچنے پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

تھائی میڈیا کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن کے کاروبار میں قسمت بنانے والے تھاکسن سنگاپور سے نجی طیارے میں بنکاک کے ڈان مویانگ ہوائی اڈے پر اترے تھے۔

تھاکسن نے بادشاہ کی آمد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کچھ ہی دیر بعد انہیں پولیس قافلے میں سپریم کورٹ لے جایا گیا جہاں ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور کئی دیگر مجرمانہ جرائم کا الزام عائد کیا گیا جسے انہوں نے سیاسی محرک قرار دیا ہے۔

74 سالہ تھاکسن کو اختیارات کے غلط استعمال سمیت مختلف معاملوں میں آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

thailand

Thaksin Shinawatra

Thai Prime Minister