Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جی20 کانفرنس: دہلی میں سوا لاکھ اہلکار تعینات، تمام اسکول و سرکاری دفاتر بند، بلٹ پروف لیموزین طلب

فضائیہ سمیت فوج دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر اینٹی ڈرون سسٹم تعینات کرے گی
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2023 09:41pm
فوٹو ـــ روئٹرز
فوٹو ـــ روئٹرز

جی 20 کانفرنس کے موقع پر بھارت کی جانب سے نئی دہلی میں سوا لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں، تمام اسکول و سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ بلٹ پروف لیموزین بھی طلب کرلی گئی ہے۔

بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جی 20 کانفرنس کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دہلی میں 8 ستمبر سے 10 ستمبر تک سخت حفاظتی انتظامات کی تیاری کرلی۔

اگلے ہفتے جی 20 سربراہ اجلاس میں انتہائی ہائی پروفائل مہمانوں کی میزبانی کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 9 ستمبر سے شروع ہونے والے دو روزہ سربراہ اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیر اعظم رشی سنک اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان شرکت کریں گے۔

انڈیا ٹو ڈے نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے، جبکہ جاپان، آسٹریلیا، فرانس اور جرمنی کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی نمائندگی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کریں گے۔

سربراہی اجلاس سے پہلے کیے گئے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لئے قومی راجدھانی دہلی کو ”ہائی الرٹ“ پر رکھا جائے گا۔

جی 20 کی صدارت کے تحت منعقد ہونے والی نمائشی تقریب کے لئے ہندوستان کی اب تک کی سب سے ہائی پروفائل اور طاقتور مہمانوں کی فہرست کی تیاریوں کے ساتھ تقریبا ایک لاکھ تیس ہزار( 1،30،000) سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

تمام اسکولوں اور سرکاری دفاتر کو 8 سے 10 ستمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نئی دہلی ضلع میں بینک، مالیاتی ادارے اور تجارتی ادارے بھی اس مدت کے دوران بند رہیں گے۔

دہلی پولیس کے عہدیداروں نے جمعہ کو بتایا کہ دراندازی، دہشت گردانہ کارروائی یا تخریب کاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

سینئر پولیس افسر مدھوپ تیواری نے کہا کہ دہلی پولیس کے آدھے سے زیادہ اہلکار سمٹ کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے میں شامل ہوں گے۔

سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) اور ایلیٹ نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) انتظامات میں دہلی پولیس کی مدد کریں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر اور شہر میں سیکورٹی انتظامات کے انچارج دیپیندر پاٹھک نے کہا، ’یہ ایک تاریخی اور یادگار لمحہ ہے۔

انڈین ایئر فورس کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ وہ “دہلی اور قریبی علاقوں میں مربوط ایرو اسپیس دفاع کے لئے جامع اقدامات کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ فضائیہ سمیت فوج دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر کسی بھی فضائی خطرے کو روکنے کے لئے اینٹی ڈرون سسٹم تعینات کرے گی۔ تقریبا 400 فائر فائٹرز بھی کال پر ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی کنٹرول روم بھی قائم کیے جا رہے ہیں اور آئی ٹی سی موریہ ہوٹل جیسے اہم ہوٹلوں میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں امریکی صدر جو بائیڈن قیام کریں گے۔

ہوٹلوں میں ڈی سی پی رینک کا ایک افسر کیمپ کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

حکومت نے رہنماؤں کو لے جانے کے لئے 18 کروڑ روپے (2.18 ملین ڈالر) کی لاگت سے 20 بلٹ پروف لیموزین لیز پر لی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے وی آئی پی سکیورٹی ونگ کے کم از کم 450 ڈرائیوروں کو خصوصی بائیں ہاتھ سے چلنے والی اور گولیوں سے محفوظ گاڑیوں کو چلانے کی تربیت دی گئی ہے۔

india

security arrangements

G20 Summit