Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عام انتخابات حلقہ بندیوں کے بعد کروائے جائیں، جی ڈی اے کا مطالبہ

تمام بلدیاتی اداروں کو انتخابات تک معطل کر کے ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیا جائے، جی ڈی اے
شائع 01 ستمبر 2023 03:11pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

اسلام آباد: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندیاں کرانے کے فیصلے کی تائید کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی الیکشن کمیشن میں جی ڈی وفد سے ملاقات ہوئی جس میں حلقہ بندیاں اور عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق جی ڈی اے نے کہا کہ حلقہ بندی شفاف انتخابات کی بنیاد ہیں، نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندی کا کام مکمل کیا جائے اور تمام انتظامات کو مکمل کرنے کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

جی ڈی اے کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستوں کی تجدید جب کہ تمام صوبائی افسران کے ٹرانسفرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، وفاقی سروسز کے افسروں کو ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا جائے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے الیکشن کمیشن سے تمام بلدیاتی اداروں کو انتخابات تک معطل کر کے ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کا بھی مطالبہ کردیا۔

الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے جی ڈی اے کی مختلف تجاویز انتہائی اہم ہیں جنہیں کمیشن قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کمیشن جی ڈی اے کی تجاویز پر آئین و قانون کے مطابق الیکشن کمیشن فیصلہ کرےگا اور حلقہ بندی کے کام کی شفافیت کو بھی یقینی بنائے گا۔

اسلام آباد

GDA

Election Commission of Pakistan (ECP)

general elections 2023