Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

ہنگامہ آرائی کے دومقدمات میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں خارج

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نےمحفوظ فیصلہ سُنایا
اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2023 11:02am
شاہ محمود قریشی۔ فوٹو — فائل
شاہ محمود قریشی۔ فوٹو — فائل

**انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل علی بخاری نے استدعا کی کہ شاہ محمود قریشی کو طلب کریں یا ضمانت میں توسیع کریں، شاہ محمود کو اسی عدالت نے جیل بھیجا ہوا ہے، جج دیوار کے دوسرے طرف بھی دیکھ کر انصاف کرے۔

جج نے استفسار کیا کہ کیس میں پولیس کی بدنیتی کا کیا نقطہ ہے؟ وکیل بولے پچھلی تین تاریخوں میں دلائل تیار تھے،کوئی غیر معمولی ریلیف نہیں مانگ رہے صرف آج حاضری کا استثنٰی مانگ رہے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سُپریم کورٹ نے ملزم کی حاضری ضمانت قبل از گرفتاری میں لازم قرار دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بھی عدالت خارج کر چکی ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردی ہیں۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کچھ دیر قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

Shah Mehmood Qureshi

ATC

اسلام آباد