Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

ڈرامہ حادثہ: سارے کردار فرضی ہیں، ہدایتکار کی وضاحت

پیمرا کی جانب سے ڈرامہ کو نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے
شائع 01 ستمبر 2023 12:10am

ڈرامہ سیریل حادثہ پر الزام ہے کہ اس کی کہانی تین سال قبل لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے واقعے پر مبنی ہے۔

ڈرامے کی 4، 5 اور 6 اقساط میں حدیقہ کیانی کے موٹروے پر اغوا، ریپ اور پھر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے مناظر دکھائے گئے تھے۔

اس ڈرامے میں موٹروے سے اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا کردار علی خان نے ادا کیا ہے، ڈرامے کی چوتھی قسط نشر ہونے کے بعد ہی لوگوں نے اس پر شور مچایا تھا اور اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم اب ڈرامے کے پروڈیوسر وجاہت رؤف نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرامہ موٹروے واقعے پر مبنی نہیں ہے اس کے سارے کردار فرضی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں جس معاملے کو اجاگر کیا گیا ہے وہ ہمارے معاشرے کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور ہم چاہتے تھے کہ ایسا مواد تیار کریں جس سے معاشرے میں ایسے گھناؤنے کے جرائم کے حوالے سے آگاہی پیدا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی پوسٹ کو دیکھ کر کبھی بھی رائے قائم نہیں کرنی چاہئیے ابھی ڈرامے کی کہانی آگے بڑھ رہی ہے اس لئے ڈرامے کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیجئے گا۔

گزشتہ روز پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عوام کی طرف سے شکایات ملنے پر نجی ٹی وی پر پیش کیے جانے والے ڈرامے ’حادثہ‘ کو نشر کرنے پر فوری پابندی عائد کردی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ شازیہ وجاہت اور وجاہت رؤف کا پروڈیوس کردہ ڈرامہ سیریل حادثہ میں ریپ سے متاثرہ ایک خاتون کی زندگی پر مبنی ہے۔

Wajahat Rauf