Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بنوں میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملہ، 9 اہلکار شہید 5 زخمی

نگراں وزیراعظم کا اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار
شائع 31 اگست 2023 10:45pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 31 اگست 2023 کو ایک موٹرسائیکل پر سوار خودکش بمبار نے بنوں ضلع کے جنرل علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 جوانوں نے شہادت قبول کی، جب کہ 5 فوجی زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا اظہار افسوس

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ہوئی مبینہ دہشتگرد کارروائی میں پاک فوج کے 9 اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم نے لکھا، ’خیبر پختونخوا کے بنوں ڈویژن میں کی گئی بزدلانہ دہشت گرد کارروائی میں 9 بہادر سپاہیوں کی شہادت سے دل ٹوٹ گیا، جس میں بہت سے لوگ زخمی بھی ہوئے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسی حرکتیں سراسر قابل مذمت ہیں۔ میری ہمدردیاں شہید اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے‘۔

نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے 9 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

suicide attack

Banu

Pakistam Army