عمران خان کو لندن میں مقیم بیٹوں سے فون پربات کی اجازت
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کی درخواست منظورکرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کوملاقات کرانے کیلئے انتظامات کا حکم دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹرعمیرنیازی نے عدالت میں درخواست دائرکی جس میں موقف اپنایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت عدالت کی کسٹڈی میں اٹک جیل میں قید ہیں۔وہ فون یا واٹس ایپ پراپنے سگے بیٹوں سلیمان اورقاسم سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔
درخواست کے متن کے مطابق اپنے بچوں سے ملاقات چیئرمین پی ٹی آئی کا قانونی حق ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ اٹک جیل کے سپریٹنڈٹ کواحکامات دیئے جائیں کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ان کے سگے بچوں سے فون یا وٹس ایپ پرملاقات کرانے کے انتظامات کریں۔
خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے درخواست منظورکرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو بیٹوں سے رابطے کے انتظامات کرنے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed on this story.