Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار، ڈالر بھی 305 سے زائد پر بند

اوپن اور انٹربینک کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت میں 14 روپے سے زائد کا فرق پیدا ہوچکا
اپ ڈیٹ 31 اگست 2023 07:21pm
پاکستان اسٹاک ایکسچینج۔ فوٹو — رائٹرز
پاکستان اسٹاک ایکسچینج۔ فوٹو — رائٹرز

کراچی: پاکستان میں رواں ہفتے روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح مارکیٹیں کھلنے پر ڈالر بڑھ کر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کا آغاز ہوا تو 500 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دن کے درمیان میں مجموعی طور پر 1154 پوائنٹس گر گئے۔

100 انڈیکس 1154 پوائنٹس کمی سے کئی روز بعد واپس 45 ہزار 90 پر آگیا۔

کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 1785 پوائنٹس کمی ریکارڈ کی گئی اور 46 ہزار کی حد بھی برقرار نہ رہ سکی۔

تاہم، دن کے اختتام تک مارکیٹ کچھ بہتر ہوئی، پھر بھی گزشتہ ورز کے مقابلے سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث 100 انڈیکس 1242 پوائنٹس کمی سے 45 ہزار 2 پوائنٹس پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایکس 100 انڈیکس گزشتہ روز 46 ہزار 244 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل مارچ 2020 میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بد ترین مندی کا شکار ہوئی تھی جب انڈیکس 2302 پوائنٹس گر گیا تھا۔

جمعرات کے روز آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری سیکٹرز میں مندی دیکھی گئی۔

اس کے علاوہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج خاص طور پر توانائی اور بینکاری کے شعبوں میں فروخت دیکھی گئی ہے۔

حالیہ کاروباری سیشنز میں مارکیٹ میں منفی تاثرات برقرار رہے ہیں، سرمایہ کاروں کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل گراوٹ، تیل کی قیمتوں میں اضافے سے افراط زر میں اضافے اور شرح سود میں ایک اور اضافے کے بڑھتے ہوئے خدشات پر تشویش ہے۔

ماہر معاشیات کے مطابق مارکیٹ کے شرکاء مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے آئندہ اجلاس میں بڑھتی ہوئی افراط زر پر قابو پانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ایک اور اضافے کی توقع کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 56 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی کی خرید و فروخت 306 روپے میں ہوئی۔

تاہم دن کے اختتام پر ڈالر کا لین دین 305.53 روپے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ماہ ڈالر کی قیمت میں 18.89 روپے اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 39 پیسے اضافے کے بعد 304 روپے 44 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت فروخت 319 روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیں:

ڈالر مزید مہنگا ہوکر ملکی تاریخ نئی بلندی پر پہنچ گیا

سونے کی قیمت میں ایکبار پھر ہزاروں روپے بڑھ گئے

یاد رہے کہ اوپن اور انٹربینک مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت میں فرق ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد سے زائد نہیں ہونا چاہیے، اس کے باوجود دونوں کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت میں 14 روپے سے زائد کا فرق پیدا ہوچکا ہے۔

PSX

ڈالر

interbank

dollar vs rupee

100 index