Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایمان مزاری کیخلاف دیگر صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ سے آئندہ سماعت پر تفصیلات طلب کرلیں
شائع 31 اگست 2023 11:53am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کوآئندہ سماعت تک صوبوں سے درج ایمان مزاری کیخلاف مقدمات کی تفصیل لے کرآگاہ کرنے کی ہدایت کردی ۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کو کیا کہنا چاہیے تھا کیا نہیں کہنا چاہیے، میں اس متعلق کچھ نہیں کہوں گا لیکن سیکرٹری داخلہ کوبتائیں کہ ایمان مزاری کیس میں عدالت کا حکم کیا ہے ؟۔

ایمان مزاری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی اورحفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

شیریں مزاری، وکلاء اوروزارت داخلہ کے حکام پیش ہوئے۔

عدالتی استفسارپروزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایمان مزاری کیخلاف ایک مقدمہ درج ہے ، وفاقی حکومت ایسے معاملات میں صوبوں کوحکم نہیں دے سکتی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کیسی بات کر رہے ہیں ؟ ہم نے صرف معلومات حاصل کرنے کے لیے کہا ہے ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے آرڈر دیر سے موصول ہونے پر مہلت کی استدعا کی ۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے ضمانت پراڈیالہ جیل کے باہرسے دوبارہ گرفتارہونے کا خدشہ ظاہرکیا تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے ملزمہ جیل میں ہے آپ تفتیش کریں، چالان جمع کرائیں، ٹرائل کرائیں،، وزارت داخلہ کو کیا ہدایات ہیں ؟۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ کوکیا کہنا چاہیے تھا کیا نہیں کہنا چاہیے، میں اس متعلق کچھ نہیں کہوں گا۔

انہوں نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سیکرٹری داخلہ کوبتائیں کہ ایمان مزاری کیس میں کورٹ آرڈرکیا ہے ؟ سیکریٹری داخلہ ،آئی جی اورایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ 20 اگست کے بعد کسی وقوعہ میں ایمان مزاری کوآئندہ سماعت تک گرفتارنہ کیا جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر4 ستمبر تک ملتوی کردی ۔

اسلام آباد

Iman Mazari