Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی انڈرسیکرٹری کا نگراں وزیر خارجہ کو فون، پاکستان میں بروقت انتخابات کا مطالبہ

نگراں حکومت سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی، جلیل عباسی جیلانی نے بات چیت کی تصدیق کردی
اپ ڈیٹ 31 اگست 2023 11:27am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ انتخابات آئینی مدت کے اندر ہی ہوں گے، ہم غیر سیاسی ہیں، سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، ہم عالمی سطح پر پاور پالیٹکس کا حصہ نہیں بنیں گے۔

نگراں وزیر خارجہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کرانا نگراں حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، کوئی شک نہیں یہ مختصرمدت کی نگراں حکومت ہے، ہم اپنے دائرہ میں رہ کر بہت سے کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت نے پاکستان میں دہشت گردی کے بعض ذمہ داروں کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی انڈر سکرٹری سے انتخابات بروقت کرانے پر بات ہوئی، امریکا نے کسی ملک سے تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ امریکا کے ساتھ تعلقات اور تعاون بہت مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات صرف اصولوں کی بنیاد پر ہوسکتے ہیں، بھارتی دہشت گردی کے ہمارے پاس مضبوط شواہد ہیں۔ امید ہے بھارت پاکستان ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گا، بھارت نے کوئی منفی فیصلہ کیا تو عالمی برادری کو مایوسی ہوگی۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک عالمی ایونٹ ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کی نوعیت تبدیل نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے، 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیرقانونی اقدامات کئے، بھارت سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے۔

JALIL ABBAS JILANI