Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ایشیاء کپ کرکٹ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو 238 رنز سے شکت دے دی

343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 104 رنز بناسکی
اپ ڈیٹ 30 اگست 2023 09:57pm

پاکستان میں جاری ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں نیپال کی پوری ٹیم 104 رنز بنا سکی، جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کریئر کی 19 ویں شاندار سنچری اسکور کی۔

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے اپنی 102 ویں اننگز میں 19 ویں سینچری مکمل کی، جو ون ڈے کے کم میچز میں زیادہ سینچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ ہے، اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ کے پاس تھا، جنہوں نے 104 اننگز میں 19 سینچریاں بنائی تھیں۔

بابر اعظم نے 131 گیندوں پر 151 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 14 چوکے بھی شامل تھے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے اپنے کیریئر کی پہلی شاندار سینچری اسکور کی اور صرف 71 بولز پر 109 رنز بنائے، ان کی اننگ میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں۔

بابر اعظم اور افتخار احمد کے درمیان شراکت میں 214 رنز بنے، جو پاکستان کی جانب سے 5 ویں وکٹ پر سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بن گیا ہے، اس سے قبل یونس خان اور عمر اکمل نے پانچویں وکٹ پر 176 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

343 رنز کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 23 اعشاریہ 4 اوورز میں 104 رنز بناسکی، نیپال کے صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔

پاکستانی آل راونڈر شاداب خان نے 6 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کی ون ڈے میں اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف نے 5 اوورز میں 16 رنز دے کر 2 وکٹیں بٹوریں، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جب کہ آل راونڈ محمد نواز اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔