’سڑکوں پراحتجاج کرکے حکومت کو ٹیکس واپس لینے پرمجبور کریں‘ ، لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائی کورٹ نے بجلی بل کے ستائے عوام کو بلز اور اضافی ٹیکسز کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کا مشورہ دے دیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے لاہور ہائی کورٹ میں بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کو کےخلاف کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کورٹ کے سامنے بجلی قوانین چیلنج کرنے چاہئے، آئینی شقوں سے کام نہیں چلے گا، اگر قوانین چیلنج نہیں کرنے تو احتجاج کا راستہ اختیار کریں۔
جسٹس شمس احمد مرزا کا کہنا تھا کہ احتجاج دنیا میں حکومتوں سے بات منوانے کا مہذب طریقہ ہے، لہٰذا جائیں اور جاکر سڑکوں پر احتجاج کرکے حکومت کو ٹیکسز واپس لینے پر مجبور کریں۔
عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ لگائے گئے ٹیکسز کیسے غیر قانونی ہیں، قوانین آئین کے بنیادی حقوق سے متصادم ہوں توعدالتیں انہیں کالعدم قرار دے سکتی ہیں، آپ نے ان قوانین کو اپنی پٹیشن میں کیوں چیلنج نہیں کیا۔
درخواست گزار شیخ محمد لطیف کے وکیل احمد عبداللہ ڈوگر نے اپنے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ بجلی کے بلوں میں مختلف نوعیت کے ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں، ایف سی سر چارج، جی ایس ٹی، ٹی وی فیس، الیکٹریسٹی ڈیوٹی سمیت ٹیکسز وصول کئے جا رہے ہیں۔
احمد عبد اللہ ڈوکر کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں دو مرتبہ جنرل ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، بجلی بلوں میں ایک یونٹ کے فرق پر ہزاروں روپے اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
کراچی: تاجر برادری کا مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کیخلاف ہڑتال کا اعلان
درخواست گزار نے استدعا کی کہ اعلی عدالتیں بجلی کے مختلف ٹیکسوں کی وصولی غیر قانونی قرار دے چکی ہیں، لہٰذا لاہور ہائی کورٹ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی وصولی کالعدم قرار دے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.