روس کے ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ، 4 طیارے تباہ
روس کے ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ ہوا جس کے نتیجے میں چار ٹرانسپورٹ طیارے تباہ ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مغربی شہر پسکوف کے ایک ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں روسی ٹرانسپورٹ طیاروں کو نقصان پہنچا جب کہ ائر پورٹ میں دھماکے، آگ لگنے اور فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس نے بتایا کہ ڈرون حملے میں یوکرین کی سرحد سے تقریبا 800 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پسکوف کے ہوائی اڈے پر چار آئی ایل-76 ہیوی ٹرانسپورٹ طیارے تباہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق علاقائی گورنر میخائل ویڈرنیکوف نے میسجنگ ایپ پر دھماکوں اور سائرن کی آوازوں کے ساتھ ایک بڑی آگ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت دفاع پسکوف کے ہوائی اڈے پر ایک ڈرون حملے کو پسپا کر رہی ہے۔
حکام نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ ہوائی اڈے کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوائی اڈے پر کالا دھواں اٹھ رہا ہے اور مقامی رہائشیوں نے زور دار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پسکوف خطے میں پروازیں محدود تھیں اور ماسکو کے ونوکوو ہوائی اڈے کے آس پاس کی فضائی حدود بھی بدھ کی صبح کچھ دیر کے لیے بند کردی گئی تھی۔
ماسکو کے ہوائی اڈے کو بند کرنے کا حکم ان اطلاعات کے بعد دیا گیا تھا کہ روسی فوج پسکوف ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کو پسپا کر رہی ہے۔
روسی فوج نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اس نے جنوبی برائنسک علاقے اور وسطی اورلوف اور ریازان کے علاقوں میں یوکرین کے ڈرون مار گرائے ہیں۔
علاقائی گورنر کا کہنا تھا کہ پسکوف کا علاقہ اس سے قبل مئی کے اواخر میں ڈرون حملے کی زد میں آیا تھا جب دو مسلح ڈرونز نے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں تیل پائپ لائن کی انتظامی عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
روس میں نجی فوج ویگنر گروپ نے بغاوت کردی، پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا، پیوٹن
روس یوکرین کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار، ’پیوٹن جنگ جیت گئے تو المیہ ہوگا‘
رپورٹس میں بتایا گیا کہ روسی ماسکو اور دیگر علاقوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران یوکرین کے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ یوکرینی دارالحکومت کیف کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ روس میں واپس لوٹ جائے گی۔
Comments are closed on this story.