Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گستاخ رسول گیرٹ ولڈر کو دھمکی دینے پر پاکستانی کرکٹر کیخلاف مقدمہ

کرکٹر پر قتل اور مجرمانہ کارروائیوں پر اکسانے اور گیرٹ ولڈرز کو پرتشدد دھمکیاں دینے کا الزام
اپ ڈیٹ 30 اگست 2023 08:21am

نیدرلینڈ میں سابق پاکستانی کرکٹر خالد لطیف پر لوگوں کو ڈچ رہنما گیرٹ ولڈرز کو قتل کرنے پر اُکسانے کے الزام میں مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔

استغاثہ نے بدھ کوعدالت میں خالد لطیف کے خلاف 12 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان میں مقیم 37 سالہ سابق کرکٹر خالد لطیف پر قتل اور مجرمانہ کارروائیوں پر اکسانے اور گیرٹ ولڈرز کو پرتشدد دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

استغاثہ کا کہنا تھا کہ خالد لطیف نے 2018 میں ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں گیرٹ ولڈرز کے قتل کے لیے 3 ملین روپے (اس وقت تقریباً 21,000 یورو) انعام کی پیشکش کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے بنانے والے فنکار کی دورانِ نیند موت واقع

یہ ویڈیو اس وقت سامنے آئی جب گیرٹ ولڈرز نے کہا کہ اس نے ایک کارٹون مقابلہ منعقد کرنے کا ارادہ کیا ہے جس میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے خاکے دکھائے جائیں گے (نعوذ بااللہ)۔ یہ مقابلہ بعد میں شدید دباؤ اور تنقید کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس: نبی کریم ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش پر استاد قتل

خالد لطیف پر 2017 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے کرکٹ سے پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ انہوں نے 2010 کے ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

گیرٹ کی فریڈم پارٹی (PVV) ڈچ پارلیمنٹ میں تیسری سب سے بڑی جماعت ہے اور حزب اختلاف کی اہم جماعت ہے۔ ولڈرز 2004 سے مسلسل پولیس تحفظ میں رہ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: نبی کریم ﷺ کے گستاخانہ خاکے بنانے والا سویڈش کارٹونسٹ ہلاک

عدالت میں دیے گئے اپنے بیان میں، ولڈرز نے خالد لطیف کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسے ڈرایا نہیں جاسکتا۔

ولڈرز نے عدالت میں کہا، ’مجھے مارنے اور انعام دینے کی آپ کی کال قابل نفرت ہے اور مجھے خاموش نہیں کرے گی۔‘

پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ نیدلینڈ اور پاکستان کے درمیان عدالتی تعاون یا حوالگی کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہے اور اس کیس میں تعاون کی پہلے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں ملا۔

عدالت 11 ستمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے گی۔

Geert Wilders

Khalid Latif

Pakistani Cricketer

Cartoons