Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کی رہائی کا جشن منانے کیلئے جیل آنے والے 9 افراد گرفتار، بشریٰ بی بی بھی وہاں پہنچیں

رہائی کا جشن منانے کے لئے آنے پر پی ٹی آئی کے 9 کارکنان گرفتار
اپ ڈیٹ 29 اگست 2023 05:00pm

اٹک جیل کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری جیل کے راستوں پر پہنچ گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا جشن منانے کے لئے آنے والے 9 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا، جب کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی دو بہنوں کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔

اٹک کی ڈسٹرکٹ جیل کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، اور جیل کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ اور ذرائع نے بتایا کہ جیل کے راستوں پر اینٹی رائیٹس کٹ سے لیس فورس تعینات کی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اٹک جیل میں ہی قید ہیں، اور آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ان کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

فیصلہ سنتے ہی پی ٹی آئی کے چند کارکنان عمران خان رہائی کا جشن منانے کیلئے اٹک جیل کے پاس پہنچ گئے، کارکن مٹھائی اور ہار بھی لے کر آئے تھے، تاہم پولیس نے 9 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب سابق خاتون اول بشری بی بی اور عمران خان کی دو بہنیں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے ڈسٹرکٹ جیل اٹک پہنچیں، تو انہیں پولیس نے ناکے پر روکا، تاہم بعد میں انہیں جیل کے اندر جانے کی اجازت مل گئی، اور دیگر افراد کو جیل ناکے پر روک لیا گیا۔

بشری بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ون ٹو ون ملاقات کی، جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں بھی ملاقات کے بعد بشری بی بی کے ہمراہ جیل سے روانہ ہو گئیں۔

imran khan

imran khan arrested

District Jail Attock