مودی حکومت سے چاند کو بھارت کی ملکیت قراردینے کا مطالبہ
چاند پر چندریان 3 کی لینڈنگ کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے صدر سوامی چکرپانی مہاراج نے مودی حکومت سے چاند کو ’ہندو سناتن راشٹر‘ قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی سیاست دان سوامی چکرپانی نے اپنے تصدیق شدہ ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چندریان 3 کی چاند پر کامیاب لینڈنگ کے بعد دیگر مذاہب سے پہلے چاند کو ہندو جائیداد قرار دیا جائے۔
سوامی چکرپانی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ چاند کو ہندو راشٹر قرار دیا جانا چاہئے اور چندریان 3 لینڈنگ سائٹ کو اس کا دارالحکومت قرار دیا جانا چاہئے، اس سے پہلے کہ کوئی دوسرا مذہب وہاں پہنچے اور چاند کی ملکیت کا دعوی کرے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ اس سلسلے میں ایک قرارداد منظور کرے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سوامی چکرپانی دوسرے مذاہب بالخصوص اسلام کے خلاف بیانات دینے اور منفی خیالات پھیلانے کی شہرت رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی خلائی مشن چندریان 3 نے چاند کے جنوبی قطب پر تاریخی لینڈنگ کی تھی جس کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ جس مقام پر لینڈر نے چھوا ہے اسے شیو شکتی پوائنٹ کے نام سے جانا جائے گا۔
Comments are closed on this story.