بجلی بلوں کیخلاف چوتھے روز احتجاج، بجلی کمپنیوں کا گھیراؤ، اہم قومی سڑکیں بند، شہروں میں ہڑتال
بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف مختلف شہروں میں ہڑتال اور احتجاج کیا جارہا ہے، راولپنڈی میں مظاہرین نے واپڈا دفتر کا گھیراؤ کرتے ہوئے نعرے لگائے، حیدر آباد میں شٹر ڈاؤن کرکے تاجر سڑکوں پر نکل آئے۔
تاجروں کی شٹرڈاؤں ہڑتال کی وجہ سے مارکیٹوں میں سناٹے چھائے ہیں اور بلوں میں مسلسل اضافے کے خلاف عوام بھی مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔ مختلف شہروں میں مظاہرین نے بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کردیا۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ مانسہرہ میں شٹرڈاون ہڑتال اور کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، عوام کا بجلی بل جمع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایبٹ آباد میں بلوں میں اضافے کے خلاف سول سوسائٹی اور تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے فوارہ چوک کے مقام پر شاہرہ ریشم بند کردی اور مظاہرین نے بجلی کے بل نہ جمع کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
نوشہرہ، صوابی، ملاکنڈ، لیہ میں مہنگی بجلی کے ستائے شہریوں نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے۔
سندھ
کراچی میں ٹمبر مارکیٹ سے متصل علاقوں میں 5 روز سے بجلی غائب ہونے پر مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی، جس کی وجہ ٹریفک جام ہوگیا۔
بجلی کے مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیرف ریڈنگ میں تاخیر اور لوڈشیڈنگ کے خلاف حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر شہر کی بیشتر مارکیٹس بند ہیں۔
پنجاب
راولپنڈی میں بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ طارق آباد میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے واپڈا دفترکا گھیراو کرلیا۔ شہریوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ بجلوں کے بلوں میں ہوشربا اضافہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔
گجرات کے تاجر و شہری مہنگی بجلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، جی ٹی ایس چوک میں تاجروں نے واپڈا حکمرانوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین کی جانب حکومت پی ڈی ایم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
خانیوال کے نواحی علاقہ مخدوم پور میں شہریو نے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس کیخلاف احتجاج کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلز میں اضافی ٹیکس ظلم اور زیادتی ہے، حکومت فوری اضافی ٹیکس ختم کرے۔
پاکپتن میں بجلی کے بلوں میں اضافے اور ظالمانہ ٹیکسزز کے خلاف تاجروں نے شدید احتجاج کیا اور تاجر برادری حکومت کے خلاف سٹرکوں پر نکل آئی۔
وکلاء بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ڈٹ گئے، ساہیوال ڈویژن کی تمام بارز نے بھی ہڑتال کردی ہے۔
عارف والا میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا، رینالہ خورد تحصیل بار ایسوسی ایشن اور پلندری میں ڈسڑکٹ بار سدھنوتی نے ہڑتال کی ہے۔
خانیوال میں بھی ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافے اور بے جا ٹیکس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
بہاولنگر میں بھی بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز اور بجلی کے یونٹ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے خلاف شہریوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئی۔
منچن آباد چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کی بلز نظر آتش کردیے۔
مظاہرین نے بجلی کی غیر منصفانہ تقسیم، اوور لوڈنگ، ناجائز ٹیکسز اور جرمانے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
Comments are closed on this story.