Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

دریائے ستلج سے ملحقہ نشیبی علاقے 17 اگست سے سیلاب کی زد میں ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

متاثرہ اضلاع میں 95 میڈیکل کیمپ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں، عمران قریشی
شائع 28 اگست 2023 10:33am
24 اگست 2023، صوبہ پنجاب کے علاقے وہاڑی میں سیلابی صورت حال کے بعد امدادی کارکن ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے(اے ایف پی/شاہد سعید مرزا)
24 اگست 2023، صوبہ پنجاب کے علاقے وہاڑی میں سیلابی صورت حال کے بعد امدادی کارکن ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے(اے ایف پی/شاہد سعید مرزا)

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی نے کہا کہ دریائے ستلج سے ملحقہ نشیبی علاقے 17 اگست سے سیلاب کی زد میں ہیں، متاثرہ اضلاع میں میڈیکل کیمپ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج سے ملحقہ نشیبی علاقے 17 اگست سے سیلاب کی زد میں ہیں، متاثرہ اضلاع میں 95 میڈیکل کیمپ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 20 ایمولینسز ایمرجنسی صورت حال میں امداد کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں، 36 ہزار سے زائد افراد کو اب تک علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاچکیں۔

عمران قریشی نے کہا کہ میڈیکل کے علاوہ 178ریلیف کیمپس بھی متاثرہ اضلاع میں کام کررہے ہیں، ایک لاکھ کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، 2 لاکھ سے زائد افراد کو ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں 70ہزار افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا، ڈیڑھ لاکھ مویشیوں کو بیماریوں سے بچاﺅ کی ادویات اور ویکسینیشن کی گئی اور 25 ہزار مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ سیلاب کے مکمل خاتمے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، ریسکیو اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

نبیل جاوید نے کہا کہ سیلابی پانی میں کمی کی اطلاعات ہیں، آنے والے دنوں میں حالات بہتر ہوجائیں گے انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔

PDMA

Satluj River

Flood Punjab