Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے والی خاتون غیر مسلم نکلی

مجھے سزا کا سامنا ہے لیکن افسوس نہیں ہے، خاتون
شائع 27 اگست 2023 03:27pm

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے والی خاتون غیر مسلم تھی جس کا کہنا ہے کہ ہم، عام سویڈش ایسے اقدامات کے پیچھے کھڑے نہیں ہیں، مجھے سزا کا سامنا ہے لیکن افسوس نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر ایک ٹویٹ میں ڈنمارک کے صحافی رابرٹ کارٹر نے انکشاف کیا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو روکنے والی خاتون سسیلیا ساو غیر مسلم اور دو بچوں کی ماں تھی۔

رابرٹ کارٹر نے بتایا کہ میں نے اس بہادر خاتون کو تلاش کرنے میں کامیاب رہا جس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے بدنام زمانہ ملزم کا سامنا کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات کا استعمال کیا تھا اور یہ سب وائرل ہوگیا تھا۔

رابرٹ کارٹر کے مطابق خاتون سسیلیا ساو کا کہنا ہے کہ ہم عام سویڈش ایسے اقدامات کے پیچھے کھڑے نہیں ہیں، مجھے اس وقت سزا کا سامنا ہے لیکن مجھے کوئی افسوس نہیں ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 18 اگست کو سویڈن کے دارحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن کی بے حرمتی کی گئی تھی جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: قرآن پاک کی بے حرمتی روکی جائے، سوئیڈش عوام کی اکثریت کا مطالبہ

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک خاتون ملعون ”سلوان مومیکا“ کی جانب بھاگتی ہیں اور اس پر سفید پاؤڈر چھڑکتی ہیں تاہم اس دوران انہیں سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے روکا اورساتھ لے گئے۔

پولیس ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کی شناخت نہیں کی، ان کو امن عامہ میں خلل ڈالنے اور ایک پولیس افسر کے خلاف تشدد کے شبے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

حالیہ واقعے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس اقدام کے خلاف احتجاج کئے گئے، جس کے بعد جمعہ 25 اگست کو ڈنمارک کی حکومت نے ایک بل پیش کیا کہ عوامی مقامات پر قرآن پاک سمیت دیگر مقدس صحیفوں کو جلانے پر پابندی لگائی جائے۔

ڈنمارک کے وزیر انصاف پیٹر ہملیگارڈ نے پریس کانفرنس کا آغاز قرآن پاک کو جلانا بےمعنی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کا حالیہ واقعہ “احمقانہ تھا، جس کا واحد مقصد دنیا میں تنازعہ اور نفرت پیدا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: سوئیڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے مزید منصوبے، وزیراعظم کو سنگین نتائج کا خدشہ

پیٹر ہملگارڈ کا کہنا ہے کہ یہ بل قرآن پاک، بائبل یا تورات کو سرعام جلانا ایک مجرمانہ جرم بنا دے گا، پابندی کا اطلاق صرف عوامی مقامات پر ہونے والی کارروائیوں پر ہوگا، اور قرآن پاک سمیت دیگر مقدس صحیفوں مذہبی کو جلانے کے نتیجے میں جرمانہ یا دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

سویڈن کی حکومت کا رد عمل

ڈنمارک کی جانب سے عوامی مقامات پر قرآن پاک جلانے پر پابندی کی تجویز کے فیصلے کے بعد سویڈن کی حکومت نے بھی رد عمل دیا ہے۔

سویڈن کے وزیر انصاف گونر سٹرومر نے ہنگامی طور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنمارک کی جانب سے قران پاک سمیت دیگر صحیفوں کی بے حرمتی پر پابندی عائد کیا جانا اہم فیصلہ ہے، اور اس کے حوالے سے سویڈن بھی فیصلہ کرے گا۔

Quran Burning

DESECRATION OF THE HOLY QURAN IN SWEDEN