Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بجلی کے بل میں کون کون سے ٹیکس شامل ہیں

'آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ' کی عملی تفسیر بنے بیشترعوام یہ نہیں جانتے
شائع 26 اگست 2023 03:48pm
تصویر: اےا یف پی/ فائل
تصویر: اےا یف پی/ فائل

آئے روز بڑھتی مہنگائی کے علاوہ پاکستانی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کے بلوں میں شدید اضافہ ہے۔ ’آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ‘ کی عملی تفسیر بنے عوام یہ تو جانتے ہیں کہ ان کے زیر استعمال بجلی کے فی یونٹ کی قیمت کیا ہے لیکن خال خال کو ہی اس بات کا علم ہوگا کہ اس ’بل‘ کی مد میں ان سے کون کون سے ٹیکس لیے جارہے ہیں۔

بجلی کے بل کا تعین صارف کے استعمال شدہ یونٹس کی بنیاد پرکیا جاتا ہے یعنی جتنے یونٹ استعمال کریں گے اتنا ہی لمبا چوڑا بل آئے گا۔

اس کے علاوہ بجلی کے بل کا ایک حصہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کو وجب الادا رقم ہوتی ہے ، دوسرا براہ راست حکومتی محصولات ہیں جوصارف سے وصول کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ’فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ‘ بھی ہے جو بجلی پیدا کرنے کے ذرائع مثلاً کوئلہ، فرنس آئل یا گیس کی لاگت پرمنحصرہوتی ہے۔ اس کا تخمینہ ہرماہ لگائے جانے کے بعد رقم صارف سے وصول کی جاتی ہے۔

اس ’ایڈجسٹمنٹ‘ میں روپے کی قدربھی بڑی اہمیت رکھتی ہے جو دن بدن گھٹتی چلی جارہی ہے۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے علاوہ گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے ’فنانسنگ کاسٹ سرچارج‘ کی مد میں فی یونٹ 43 پیسے صارفین وصول کیے جاتے ہیں۔

کراچی کے صارفین کو بتاتے چلیں کہ کے الیکٹرک یہ رقم ’پی ایچ ایل ہولڈنگ‘ کے نام پروصول کرتی ہے۔

اس طرح سے ’کوارٹرلی (ہر3 ماہ بعد )ٹیرف ایڈجسٹمنٹ‘’ یا ’ ڈی ایم سی’ کی مد میں صارفین کی جیب پر مزید ڈاکا اس وقت ڈالا جاتا ہے جب حکومت بجلی کی قیمت میں رد و بدل کرے۔

مزید چند اخراجات یا ٹیکس براہ راست حکومت عائد کرتی ہے جن کا بجلی فراہم کرنے والی کمپنی سے براہ راست تعلق نہیں ہوتا۔ مثلاً بجلی بل میں سب سے زیادہ ٹیکس 18 فیصد ٹیکس جنرل سیلزٹیکس(جی ایس ٹی) کی مد میں وصول کیاجاتا ہے۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ اگر صارف ٹیکس فائلرنہیں ہے تو پھربجلی بل میں انکم پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ انکم ٹیکس 25 ہزار روپے سے زائد بل پرعائد کیا جاتا ہے جو مجموعی بل کا ساڑھے سات فیصد ہوتا ہے۔

K-Electric

electricity bill