Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بڑے صحافتی اداروں نے مصنوعی ذہانت کے باٹس کو اپنی خبریں چرانے سے روک دیا

جی پی ٹی باٹ کو بلاک کردیا ہے، سی این این
شائع 25 اگست 2023 07:52pm
تصویر: ان سپلیشڈ ڈاٹ کام
تصویر: ان سپلیشڈ ڈاٹ کام

نیویارک ٹائمز، سی این این اور آسٹریلیا کے اے بی سی نے مصنوعی ذہانت کے باٹس (اوپن اے آئی کے جی پی ٹی بوٹ) کو اپنی خبروں تک رسائی سے روک دیا ہے، سی این این نے بیان جاری کیا ہے کہ ہم نے جی پی ٹی باٹ کو بلاک کردیا ہے۔

نیویارک ٹائمز، سی این این، رائٹرز اور آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) سمیت نیوز اداروں نے اوپن اے آئی کے ایک ٹول کو بلاک کر دیا ہے، جس سے کمپنی کی ان کے مواد تک رسائی جاری رکھنے کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔

شکاگو ٹریبیون اور آسٹریلوی اخبارات کینبرا ٹائمز اور نیو کاسل ہیرالڈ نے بھی چیٹ جی پی ٹی کو اپنی خبریں چرانے کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔

اوپن اے آئی اور چیٹ جی پی ٹی سب سے مشہور مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹس میں سے ایک ہے، جسے جی پی ٹی بوٹ کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ اپنے اے آئی ماڈلز کو بہتر بنانے میں مدد کے لئے ویب صفحات کو اسکین کر سکتا ہے۔

دی ورج نے سب سے پہلے نیویارک ٹائمز کو اپنی ویب سائٹ پر جی پی ٹی بوٹ کو بلاک کرنے کی اطلاع دی تھی، گارڈین کو بعد میں پتہ چلا کہ سی این این ، رائٹرز، شکاگو ٹریبیون، اے بی سی اور آسٹریلین کمیونٹی میڈیا (اے سی ایم) برانڈز جیسے کینبرا ٹائمز اور نیو کاسل ہیرالڈ سمیت دیگر بڑی نیوز ویب سائٹس نے بھی ویب کرالر کو اپنی خبریں چرانے سے روک دیا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی اور اس کی طرح کے دیگر مصنوعی ذہانت کے باٹس کو اپنے سسٹم کو چلانے کے لئے بڑی مقدار میں معلومات کی ضرورت ہوتی ہے اور انہیں صارفین کے سوالات کا جواب ایسے طریقوں سے دینے کی اجازت ملتی ہے جو انسانی زبان کے نمونوں سے ملتے جلتے ہیں، لیکن ان کے پیچھے موجود کمپنیاں اکثر اپنے ڈیٹا سیٹ میں کاپی رائٹ مواد کی موجودگی کے حوالے سے چپ دکھائی دیتی ہیں۔

اوپن اے آئی نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ “جی پی ٹی باٹ کو آپ کی سائٹ تک رسائی کی اجازت دینے سے اے آئی ماڈلز کو زیادہ درست بننے اور ان کی عام صلاحیتوں اور حفاظت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

سی این این نے گارڈین آسٹریلیا کو تصدیق کی کہ اس نے حال ہی میں جی پی ٹی باٹ کو بلاک کردیا ہے، اس نے یہ مؤقف نہیں دیا کہ مصنوعی ذہانت کے نظام میں اپنے مواد کے استعمال پر وہ کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے یا نہیں۔

رائٹرز کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنے روبوٹس ٹیکسٹ اور سائٹ کی شرائط و ضوابط کا جائزہ لیتے ہیں، انہوں نے کہا “چونکہ انٹلیکچوئل پراپرٹی ہمارے کاروبار کی جان ہے، لہذا یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے مواد کے کاپی رائٹ کا تحفظ کریں۔

نیویارک ٹائمز کے ایک ترجمان کے مطابق خبررساں ادارے کی سروس کی شرائط کو حال ہی میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا تاکہ “مصنوعی ذہانت کی تربیت اور ترقی کے لئے ہمارے مواد کو اسکریپ کرنے کے خلاف پابندی عائد کی جاسکے ۔

عالمی سطح پر خبر رساں اداروں کو اس حوالے سے ان سوالات کا بھی سامنا ہے کہ کہ آیا خبروں کو جمع کرنے کے حصے کے طور پر مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے یا نہیں۔

اگست کے اوائل میں اے ایف پی اور گیٹی امیجز نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں مصنوعی ذہانت کو ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس میں ”اے آئی ماڈلز بنانے کے لئے استعمال ہونے والے تمام تربیتی سیٹوں کے میک اپ“ کے بارے میں شفافیت اور کاپی رائٹ شدہ مواد کے استعمال کے لئے رضامندی شامل ہے۔

گوگل نے تجویز پیش کی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے نظام کو پبلشرز کے کام کو اسکریپ کرنے کے قابل ہونا چاہئے، جب تک کہ وہ واضح طور پر اس کا انتخاب نہ کریں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے متعلق ریگولیٹری فریم ورک کے جائزے کے لیے پیش کی گئی درخواست میں کمپنی نے ’کاپی رائٹ سسٹمز کے لیے دلائل دیے جو کاپی رائٹ مواد کے مناسب اور منصفانہ استعمال کو ممکن بناتے ہیں تاکہ آسٹریلیا میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کو وسیع اور متنوع ڈیٹا پر تربیت دی جا سکے۔

مصنوعی ذہانت کے مواد کی موجودگی کی جانچ پڑتال کرنے والی کمپنی اوریجنلٹی اے آئی کی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ایمیزون اور شٹر اسٹاک سمیت بڑی ویب سائٹس نے بھی جی پی ٹی باٹ کو بلاک کردیا تھا۔

تاہم گارڈین کی روبوٹ ٹیکسٹ فائل جی پی ٹی باٹ کو مسترد نہیں کرتی ہے۔

اے بی سی، آسٹریلین کمیونٹی میڈیا، شکاگو ٹریبیون، اوپن اے آئی اور کامن کراؤل نے ڈیڈ لائن تک کوئی جواب نہیں دیا۔

ChatGPT

Open AI

Chat Bot

Google AI Chatbot

Chat with Jesus