Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

بٹگرام ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کو وزیراعظم نے گلے لگا لیا،اعزازات تقسیم

تقریب میں ایس ایس جی کمانڈزز اور مقامی افراد کو اسناد دی گئیں
اپ ڈیٹ 24 اگست 2023 11:44pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی

بٹگرام ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب جاری ہے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو تعریفی اسناد دیں۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ جس کے بعد نگراں وزیراعظم نے ایس ایس جی کمانڈرز اور مقامی افراد میں اسناد تقسیم کیں۔

وزیراعظم نے لفٹ میں پھنسے بچوں کو رات کے اندھیرے میں ریسکیو کرنے والے محمد علی کو سیلوٹ کیا اور الیاس کو گلے لگاتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد پیش کیں۔

نگراں وزیراعظم نے لفٹ میں پھنسنے والے بہادر طالب علموں کو بھی اعزازات سے نوازا۔

خیبرپختوںخواہ کے ضلع بٹگرام کے آلائی جھنگڑئے پاشتو علاقے میں کیبلز ٹوٹنے سے پھنسنے والی چئیر لفٹ سے 15 گھنٹے کی مشقت کے بعد 8 لوگوں کو نکال لیا گیا تھا۔

اس آپریشن میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی افراد نے بھی بھرپور حصہ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بٹگرام چئیرلفٹ میں پھنسے 3 بچے نمایاں نمبر لے کر نویں جماعت میں کامیاب

اسناد کی تقسیم کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ واقعہ پر ہر پاکستانی دعا گو تھا، ہمارے مستقبل کے معمار لفٹ میں پھنسے ہوئے تھے، بار بار دل بیٹھ رہا تھا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ لفٹ میں پھنسے بچے میرے بیٹے نور کی طرح ہیں، پوری دنیا کی نظریں واقعہ پر لگی ہوئی تھیں، آپریشن کو کامیاب کرنے میں بہترین حکمت عملی اپنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہے، بٹگرام چیئرلفٹ میں پھنسے بچے قوم کا مستقبل ہیں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی تھی کہ پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا، تلخ واقعات ہماری زندگیوں کا حصہ ہیں اور مادر وطن کیلئے جان قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں ملک کیلئے خدمات انجام دینے والوں پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت کی سہولتیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان ہمارا گھر ہے اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہمارے جوانوں کی شہادتیں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ہم شہداء کے مقدس لہو کے مقروض ہیں، شہداء کے لواحقین ہماری ذمہ داری ہیں۔

Battagram cable car struck