زمین پر موجود 6 سب سے قیمتی چیزیں
دنیا میں موجود سب سے قیمتی چیزوں کی بات ہو تو تقریباً ہر دوسرے انسان کا جواب ہیرے یا اس جیسی کسی اور قیمتی دھات کا نام ہوگا، لیکن ہم جن 6 قیمتی چیزوں کی بات کررہے ہیں، ان میں سے پہلے نمبر پر آنے والی چیز کو تو زمین والے دیکھ بھی نہیں سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن
دنیا میں اگر کوئی سب سے مہنگی چیز ہے تو وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ہے، جسے بنانے میں تقریباً 12 سال کا عرصہ لگا تھا، اور اسے بنانے والوں میں دنیا کے اعلیٰ ماہرین شامل تھے۔
خلائی اسٹیشن کی لاگت 150 بلین ڈالر (تقریباً 43 لاکھ کروڑ پاکستانی روپے) ہے، اور اس رقم سے ایک پورا شہر تعمیر کیا جا سکتا ہے، انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) کو افریقی ملک نمیبیا سے تقریباً 265 میل اوپر قائم کیا گیا ہے، اور ناسا نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو8 برسوں کے بعد غیر فعال کر دیا جائے گا۔ امکان ہے کہ جنوری سن 2031 میں اس خلائی اسٹیشن کو زمین کے مدار سے باہر بھی نکال دیا جائے۔
ہسٹری سپریم یاٹ
دنیا کی مہنگی ترین چیزوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ”ہسٹری سپریم یاٹ“ نامی لگژری یاٹ آتی ہے۔
اس یاٹ کو برطانیہ کے لگژری ڈیزائنر اسٹیورٹ ہیوز نے ڈیزائن کیا ہے، اور یہ یاٹ ملائیشیا کے تاجر ”شنگری لا ہوٹل اینڈ ریزورٹ“ کے بانی رابرٹ کک کی ملکیت ہے۔
30 میٹر لمبی اس کشتی کو1 لاکھ کلو گرام ٹھوس سونے اور پلاٹینم سے بنایا گیا ہے، یاٹ میں پیش کیے جانے والے شراب کے گلاس 18 کیریٹ کے ہیروں سے بنے ہیں، جب کہ اس کے بیڈ رومز میں میٹیورائٹ پتھروں کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 1 لاکھ 45 ہزار کروڑ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے۔
ہبل خلائی دوربین
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود چیز نہ صرف زمین کے ہر کونے کو دیکھ سکتی ہے بلکہ اس کی نظر خلا میں موجود ہر ستارے پر بھی ہے، ہم بات کر رہے ہیں ہبل خلائی دوربین کی، جسے 1990 میں پہلی بار قائم کیا گیا اور یہ دوربین تقریباً 25 فٹ لمبی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت تقریباً 59 ہزار کروڑ پاکستانی روپے بتائی گئی ہے۔
امریکی صدر کی سواری ایئر فورس ون
زمین پر موجود چوتھی سب سے قیمتی چیز امریکی صدر کی سواری ایئر فورس ون ہے۔ یہ دنیا کا سب سے مہنگا پرائیویٹ جیٹ بھی ہے جو کہ تین منزلوں پر مشتمل ہے۔
4000 مربع فٹ کی جگہ کا یہ طیارہ ہوا میں ہی ایندھن بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اسے تقریباً 1000 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑایا جا سکتا ہے، اس جیٹ میں دفتر، اسپتال سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔ اس کی قیمت تقریباً 19 ہزار 411 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
ملکہ الزبتھ کا شاہی تاج
اس فہرست میں پانچویں نمبر انگلینڈ کی ملکہ الزبتھ کا شاہی تاج آتا ہے، جس میں کوہ نور ہیرا جڑا گیا ہے، اور یہ جو دنیا کی پانچویں مہنگی چیز ہے۔ یہ ہیرا تقریباً 109 قیراط کا ہے اور عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت 17 ہزار 381 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
”لیوپولڈا“ ولا ( Villa Leopolda“)
اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ولا ”لیوپولڈا“ آتا ہے، جو 1929 اور 1931 کے درمیان بنایا گیا تھا۔
18 ایکڑ پر تعمیر کیا گیا یہ ولا امریکی ماہر تعمیرات اوڈن کوڈمین جونیئر نے بنایا تھا، اور یہ بیلجیم کے بادشاہ لیوپولڈ دوئم کے لیے بنایا گیا تھا۔
اس کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 14 ہزار 883 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ اس ولا میں ’دی ریڈ روز‘، ’ٹو کیچ اے تھیف‘ جیسی فلموں کی شوٹنگ بھی ہوچکی ہے۔
Comments are closed on this story.