Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت سے پانی چھوڑے جانے کے باعث ایک لاکھ افراد کا انخلاء

متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے سے 113زیرآب، مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع
شائع 24 اگست 2023 09:30am
اسکرین گریب
اسکرین گریب

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث سیلابی صورتحال کی وجہ سے پنجاب میں تقریباً ایک لاکھ افراد کا بڑے پیمانے پر انخلاء کیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے متعدد گاؤں اور ہزاروں ایکڑ پر مشتمل اراضی زیرآب آگئی ہے۔

امدادی ٹیموں کی کشتیاں کئی دنوں سے گاؤں گاؤں کا چکر لگارہی ہیں،ان لوگوں کو ریسکیو کر رہی ہیں، جواپنے گھروں کی چھتوں پر رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کے ارد گرد پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

اے ایف پی نیوز ایجنسی کو 29 سالہ کاشف محمود، جو اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ ایک امدادی کیمپ میں ہے اس نے بتایا کہ چند دن پہلے سیلابی پانی آیا اور ہمارے تمام گھر زیرآب آگئے، ہم نے یہاں تک تمام راستے بڑی مشکل کے ساتھ سفر کیا۔

دوسری جانب بورے والا دریائے ستلج میں پانی سطح بلند ہوجانے کی وجہ سے متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے سے 113 دیہات اور آبادیاں زیرآب آگئیں۔ سڑکیں بہہ جانے سے مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔

جلالپور پیروالہ میں دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے جانوروں کو ویکسینیشن بھی کی جا رہی ہیں۔

پاک فوج کی بہاولپور، بہاولنگر کے نشیبی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہے، سیلاب متاثرین کیلئے پاک آرمی کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپس اورریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔

پاکپتن میں بھی سیلاب سے متاثرہ آبادی کے لیے مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے، میڈیکل کیمپ میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز، نرسنگ اسسٹنٹس اوردیگر میڈیکل سٹاف شامل ہیں۔

میڈیکل کیمپس میں بڑی تعداد میں متاثرین کومفت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور سیلاب متاثرین میں مفت راشن بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔

میلسی، چشتیاں، منچناں آباد اورہیڈ سلیمانکی میں سیلاب متاثرین کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا، مقامی لوگوں نے طبی امداد اور ادویات کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

ISPR

floods

Flood Punjab