Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش، ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر ادارے الرٹ

ٹریفک کی روانی متاثر، میٹرو اسٹیشنزمیں بارش کا پانی داخل ہوگیا
اپ ڈیٹ 24 اگست 2023 09:40am
اسکرین گریب
اسکرین گریب

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش سے سڑکوں اورگلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔

طوفانی بارش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ساتھ ہی میٹرو اسٹیشنزمیں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کو الرٹ کر دیا گیا جبکہ پانی گھروں کے اندر آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 23 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی تھی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشیں متوقع ہے، دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے دریائے ستلج میں مزید پانی بڑھنے کا خدشہ ہے، گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گنڈا سنگھ سے 1 لاکھ 15 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے،اس مقام سے1 لاکھ 36 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔

مزید کہا کہ ہیڈ اسلام کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہلم میں رسول بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، منگلا اور تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکے ہیں۔

مزید کہا کہ پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، سیلابی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔

اسلام آباد

Rain