Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمیرہ احمد کا ڈرامہ، نادیہ خان کو تنقید کرنا مہنگا پڑگیا

ڈرامے میں اداکارہ کبرٰی خان مرکزی کردار نبھا رہی ہیں
شائع 24 اگست 2023 07:10am

پاکستان کی معروف مصنفہ عمیرہ احمد کا نیا ڈرامہ جنت سے آگے شروع ہوگیا ہے جس کی کہانی میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے گرد گھومتی ہے۔

حسیب حسن کی ہدایتکاری میں بننے والا اور عمیرہ احمد کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل کے گرد گھومتا ہے، ڈرامے میں مارننگ شو کی میزبان کو دکھایا گیا ہے کہ کس طرح میڈیا کی وجہ سے اس کی زندگی بدلتی ہے۔

نادیہ خان جو کہ ماضی میں مارننگ شو کی میزبان رہ چکی ہیں وہ اس ڈرامے کی کہانی سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے ایک پروگرام میں عمیرہ احمد کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت اچھا کام کیا ہے اور جب کوئی اسے اتنا منفی انداز میں پیش کرتا ہے تو اسے بہت تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شو مکمل طور پر منفی بیانیہ پر مبنی ہے، جو ہمیشہ سچ نہیں ہوتا، میں نے جو دو اقساط دیکھے وہ بہت بورنگ تھے اور دیکھنا مشکل تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہانی کسی ڈرامے کے لیے نہیں ہے یہ ایک دستاویزی فلم، لانگ پلے، یا ٹیلی فلم ہو سکتی ہے۔

تاہم نادیہ خان کی اس تنقید پر سوشل میڈیا صارفین نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

عمیرہ احمد کے تحریرکردہ اس ڈرامے کی کاسٹ میں کبریٰ خان، گوہر رشید، صبور علی، طلحہ چوہور اور رمشا خان شامل ہیں۔

ڈرامہ سیریل’جنت سے آگے’کی اب تک چار اقساط نشر ہوچکی ہیں،اس میں مارنگ شو کو دکھایا گیا ہے، اداکارہ کبرٰی خان جنت کے طور پر مارننگ شو کی میزبان ہیں،یہ پروگرام لوگوں میں کافی مقبول ہوتا ہے اور اس کے مقابلے میں ایک اور شو ہوتا ہے جس کو عائشہ جہانزیب بطور عائلہ خان ہوسٹ کرتی ہیں،اس پروگرام کو ریٹنگ نہیں ملتی اور وہ ’جنت جہاں‘ سے کافی حسد کرتی ہے۔

Nadia khan