Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی ویب سیریز میں کون نظر آئے گا؟

سیریز کی شوٹنگ اٹلی، برطانیہ اور پاکستان میں کی جائے گی
شائع 23 اگست 2023 08:40pm

گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی ویب سیریز میں مشہور پاکستانی اداکار فواد خان جلوہ گر ہونگے، سیریز کیلئے نیٹ فلکس کی جانب سے بجٹ بھی دیا گیا ہے۔

تاہم اب امریکی شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے بھی اس حوالے سے رپورٹ جاری کی ہےکہ ویب سیریز میں بڑے اداکاروں کو کاسٹ کرلیا گیا۔

ویب سائٹ کے مطابق ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے نام سے بنائی جانے والی ویب سیریز میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمد کو کاسٹ کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز کی کہانی 2013 میں فرحت اشتیاق کے اسی عنوان سے شائع ہونے والے ناول سے ماخوذ ہوگی اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی میں بھی کی جائے گی ۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ ناول کی کہانی سکندر نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو معروف ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہوتا ہے مگر اس کی زندگی میں کئی منفرد موڑ آتے ہیں اور ان کی زندگی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب یورپی ملک اٹلی میں ان کی ملاقات لیزا نامی ایک آرٹسٹ سے ہوتی ہے، جن کا ماضی انتہائی درد ناک ہوتا ہے۔

رپورٹ میں نہیں بتایا گیا کہ یہ سیریز کب نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ حال ہی میں نیٹ فلیکس کی جانب سے پہلی سعودی عرب کی اوریجنل ویب سیریز کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 6 ستمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

Fawad Khan

mahira khan

Netflix