Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایل او سی پر فائرنگ کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

پاکستان نے شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا
شائع 22 اگست 2023 08:02pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے بھارتی ناظم الامور ڈاکٹر سوریش کمار کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے۔

مزید پڑھیں

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے بزرگ شہری شہید، جواب دیں گے، پاک فوج

ایل او سی پر فائرنگ سے شہریوں کی شہادت، بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی

او آئی سی وفد کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، بھارتی مظالم پر بریفنگ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی افواج کی فائرنگ سے کوٹلی ضلع کے اولی گاؤں کے 60 سالہ شہری غیاث کی ہلاکت پر پاکستان نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور مراسلہ بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا، ایل بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ 21 اگست کو لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارتی افواج کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے، بھارتی فریق پر زور دیا گیا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کرے اور سیز فائر مفاہمت کا احترام کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 21 اگست کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکال سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شہری شہید جبکہ 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ضلع کوٹلی کے گاؤں اولی کے 60 سالہ باسی غیاث شہید ہوئے جبکہ بلا اشتعال فائرنگ سے گھاس کاٹنے میں مصروف 3 خواتین زخمی ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکوں کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے، پاکستان کے عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

firing

foreign office

loc

Indian Army

اسلام آباد

Line of Control