جنوبی وزیرستان: آپریشن کے دوران فائرنگ میں 6 جوان شہید، 4 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی
جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے 6 جوانوں کی نماز جنازہ وانا میں ادا کردی گئی۔ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی بھی ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان علاقے میں آپریشن جاری تھا کہ اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان بہادی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک، اور 2 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، اور آپریشن کلیئرنس جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادرجوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہدا کی نماز جنازہ
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے 6 جوانوں کی نماز جنازہ وانا میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دیے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔
نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلی عسکری و سول شخصیات نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی مسلح افواج پر عزم ہیں۔
Comments are closed on this story.