Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

بشری بی بی کی اٹک جیل میں عمران خان سے ایک گھنٹہ ملاقات

پولیس نے بشریٰ بی بی کو ناکے پر روک کر مکمل تلاشی لی اور جیل جانے کی اجازت دی
اپ ڈیٹ 22 اگست 2023 04:00pm
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی۔ فوٹو — فائل

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل میں ملاقات کی، انہیں جیل پہنچے پر پولیس نے ناکے پر روک لیا تھا، اور ان کی گاڑی کی مکمل تلاشی لی گئی، جس کے بعد انہیں جیل میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

بشریٰ بی بی قانونی ٹیم کے ہمراہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملنے ڈسٹرکٹ جیل پہنچیں، تو پولیس نے ان کی گاڑی کو جیل ناکے پر روک لیا۔

پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے پولیس کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور بشری بی بی کو شوہر سے ملاقات کی اجازت مل گئی۔

بشریٰ بی بی کی گاڑی کی تلاشی کے بعد پولیس گاڑیوں کے حصار میں جیل روانہ ہوئیں، اور تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئیں۔

بشری بی بی اس سے قبل عمران خان سے دو ملاقاتیں کرچکی ہیں، اور یہ ان کی اپنے شوہر سے تیسری ملاقات تھی۔

عمران خان کے باتھ روم کے اوپر بھی کیمرے لگے ہیں

ایڈیشنل سیشن جج اٹک شفقت اللہ خان نے 15 اگست کو جیل کا دورہ کیا۔ جس کے بعد انہوں نے اپنی تحریری رپورٹ جمع کرائی ہے۔

مزید پڑھیں: اٹک جیل میں عمران خان کو سہولتیں مل گئیں، باقی قیدیوں سے الگ بند

رپورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج نے بتایا کہ عمران خان کے سیل کے عین باہر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے، ان کے ٹوائلٹ کی ”L“ شکل کی دیوار محض ڈھائی سے تین فٹ اونچی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج شفقت اللہ خان کے مطابق پانچ سے چھ فٹ کی بلندی پر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی وجہ سے عمران خان کو ٹوائلٹ کے استعمال اور دورانِ غسل بھی کوئی پرائیویسی میسر نہیں۔ عمران خان نے اس کی شکایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء اور اہلیہ کو چئیرمین عمران خان تک رسائی میں بھی مشکلات ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی شکایات مکمل طور پر درست ہیں اور انہیں اس حالت میں رکھنا پاکستان پریزن رولز 257 اور 771 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ نے شکایات کے ازالے کی یقین دہائی کرائی ہے۔

bushra bibi