Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بغاوت ختم ہونے کے بعد ویگنر کی پہلی ویڈیو آگئی، روس سے نکل گئے

ویگنر نے 23 سالہ دور حکومت میں پیوٹن کے لیے سب سے سنگین خطرہ پیدا کیا
شائع 22 اگست 2023 01:04pm
یوگینی پریگوژن
یوگینی پریگوژن

روسی صدرپوٹن کے خلاف مسلح بغاوت کرنے والی نجی فوج ویگنر کے سربراہ یوگینی پریگوژن نے قلیل مدتی بغاوت کی قیادت کے بعد اپنا پہلا ویڈیو خطاب پوسٹ کیا ہے۔

پریگوژن جون میں ایک ڈرامائی بغاوت کے ساتھ عالمی سطح پر شہ سرخیوں میں آئے جنہوں نے 23 سالہ دور حکومت میں ولادیمیر پیوٹن کے لیے سب سے سنگین خطرہ پیدا کیا۔ ویگنر کے بانی نے طویل عرصے تک پوٹن کی طاقتور سرپرستی سے فائدہ اٹھایا، ایک نجی فوج تشکیل دی جس نے بیرون ملک روسی مفادات کے لیے لڑائی لڑی اور یوکرین میں جنگ کی کچھ مہلک ترین لڑائیوں میں حصہ لیا۔

پیر کو جاری ہونے والی ویڈیو میں ایک شخص جو بظاہر 62 سالہ کرائے کا فوجی رہنما لگتا ہے، صحرائی علاقے میں چھپا ہوا ہے اور اس کے ہاتھوں میں رائفل ہے۔ کچھ فاصلے مسلح افراد اور ایک پک اپ ٹرک موجود ہے۔

ویڈیو میں پیغام دیا جارہا ہے کہ ویگنر گروپ جاسوسی اور تلاشی کی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے اور ”روس کو تمام براعظموں میں اور افریقہ کو اور بھی زیادہ آزاد بنا رہا ہے“۔ اس کے بعد کہا جاتا ہے کہ ویگنر لوگوں کو بھرتی کررہا ہے اور گروپ ”طے شدہ کاموں کو پورا کرے گا“۔

خبر رساں ادارے روئٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس ویڈیو کی تاریخ کی جیو لوکیشن یا تصدیق نہیں کر سکے لیکن پریگوژن کے تبصروں اور ویگنر کے حامی چینلز میں کچھ پوسٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو افریقہ میں بنائی گئی۔

کرائے کے رہنما سے منسلک روسی سوشل میڈیا چینلز کا کہنا ہے کہ پریگوژن افریقہ میں کام کرنے کے لیے جنگجوؤں کو بھرتی کر رہا تھا اور روس کے سرمایہ کاروں کو بھی دعوت دے رہا تھا کہ وہ افریقی ملک کے دارالحکومت میں واقع ایک ثقافتی مرکز روسی ہاؤس کے ذریعے وسطی افریقی جمہوریہ میں سرمایہ کاری کریں۔

وسطی افریقی جمہوریہ ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں ویگنر کے فوجی کرائے پر سرگرم ہیں اور ان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے۔ کریملن 2014 سے ویگنر گروپ کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں روس کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

ویگنر اور پریگوژن کا مستقبل غیر واضح ہے کیونکہ انہوں نے جون کے آخر میں روسی دفاعی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ایک مختصر بغاوت کی قیادت کی تھی۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی ثالثی میں ہونے والے ایک معاہدے کے تحت ، پریگوژن نے اپنے اور اپنے جنگجوؤں کے لئے معافی اور بیلاروس منتقل ہونے کی اجازت کے بدلے میں بغاوت ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ بیلاروس جانے سے پہلے ، ویگنر نے اپنے ہتھیار روسی فوج کے حوالے کیے جو روسی حکام کی طرف سے کرائے کے فوجیوں کی طرف سے لاحق خطرے کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔

پیوٹن نے بغاوت کے آغاز پر پریگوژن کو غدار قرار دیتے ہوئے سخت سزا کا وعدہ کیا تھا لیکن بغاوت کے الزامات پر کرائے کے سربراہ کے خلاف فوجداری مقدمہ بعد میں واپس لے لیا گیا۔

جولائی میں ایک وڈیو میں بظاہر بیلاروس میں پریگوژن کو دکھایا گیا تھا لیکن اس کے بعد روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں روس اور افریقہ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ان کی تصویر کھینچی گئی تھی۔ ان کے موجودہ ٹھکانے نامعلوم ہیں۔

Russia Ukraine War

Yevgeny Prigozhin

Wagner