Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

اسد عمر سامنے آگئے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک دیا گیا

آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے 29 اگست تک جواب طلب کرلیا
اپ ڈیٹ 22 اگست 2023 11:43am

آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکتے ہوئے 29 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔ اسد عمر منگل کو سامنے آگئے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی نے ان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔

آفیشل سیکرٹس ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے اسد عمر کی درخواست پر سماعت کی.

اسد عمرکی جانب سے بابر اعوان پیش ہوئے، عدالت نے اسد عمر کی گرفتاری سے روکتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کردیئے، اور 29 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ اسد عمر نے سائفر کیس میں عبوری ضمانت کیلئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

میری گرفتاری کی خبر غلط ہے

واضح رہے کہ 20 اگست کو خبر آئی تھی کہ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کو بھی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اور ذرائع نے بتایا کہ اسد عمر کو وفاقی دارالحکومت سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا ہے، انہیں سائفر معاملے پر گرفتار کیا گیا ہے، اور انہیں ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا۔

تاہم آج اسلام آباد میں قائم ہونے والی پہلی اور واحد خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے اپنی گرفتاری کی تردید کی اور بتایا کہ مجھے ایف آئی اے نے گرفتار نہیں کیا تھا۔

اسد عمر نے بتایا کہ وہ سائفر کے ہی معاملے پر عدالت آئے ہیں اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی ہے، اس کیس میں 2 بار شامل تفتیش ہو چکا ہوں، امید ہے بے قصور ثابت ہوں گا۔

pti

Asad Umer

OFFICIAL SECRETS ACT