Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں‘

ٹویٹ پر صدر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، ترجمان استحکام پاکستان پارٹی
شائع 20 اگست 2023 11:40pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کے معاملے پر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ٹویٹ کے پیچھے چھپی سوچ چیخ کر کہہ رہی ہے صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ صدر عارف علوی کے ٹویٹ نے پاکستان کے سپریم آفس کے وقار و تشخص کو بری طرح مجروح کیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہا کہ صدر کا عہدہ پاکستان کی سالمیت اور آئین کے تحفظ کے ساتھ وفاق کی مضبوطی اور مرکزیت کی علامات سمجھا جاتا ہے، صدر کے ٹویٹ سے دنیا بھر میں پاکستان کا انتہائی منفی پیغام گیا ہے کہ شاید پاکستان میں کوئی دستاویز محفوظ نہیں اور کوئی مراسلہ قابل اعتبار نہیں کہ اس پہ دستخط اصلی ہیں یا جعلی؟

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ صدر علوی کی اس عہدے کے منافی اور منصب کو داغدار کرنے والی ٹویٹ پر ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ ان کے ٹویٹ کے پیچھے چھپی سوچ چیخ چیخ کر کہہ رہی ہے کہ ”صدر مملکت اب غدار سلطنت بن چکے ہیں“۔

واضح رہے کہ صدر پاکستان عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا کہ انہوں نے آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل اور پاکستان آرمی ترمیمی بل پر دستخط ہی نہیں کیے، اور اپنے اسٹاف سے یہ بل واپس بھیجنے کا کہا تھا، لیکن عملے نے میری خواہش سے انحراف اور حکم عدولی کی۔

صدر مملکت کی اس ٹوئٹ کے بعد سے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی کیے جانے پر زور دیا جارہا ہے۔

President Arif Alvi

Istehkam i Pakistan Party (IPP)

firdos ashiq awan

official secrets act amendment bill 2023

Bills Assent dispute