Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’غدر 2‘ کے بعد ’بارڈر 2‘

پرانی کاسٹ باہر، نئی کاسٹ میں کون ہوگا؟
شائع 19 اگست 2023 09:42pm

بالی ووڈ کی مشہور فلم ”غدر“ کی طرح ”غدر 2“ بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔ 11 اگست کو ریلیز ہونے والی یہ فلم آٹھ دنوں میں 300 کروڑ روپے کما چکی ہے۔

”غدر 2“ کی شاندار کامیابی کے بعد اب فلم ساز 1997 کی فلم ”بارڈر“ کا سیکول ”بارڈر 2“ بنانے کے خواہاں ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ”غدر 2“ کی کامیابی کے بعد جے پی دتہ ”بارڈر 2“ کو پردے پر لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

اس فلم میں سنی دیول کے ساتھ نوجوان ستاروں کی کاسٹ بھی نظر آئے گی۔

”بارڈر“ کی ہدایت کاری کرنے والے جے پی دتہ مبینہ طور پر اس کا دوسرا پارٹ پروڈیوس کریں گے۔

پنک ولا کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ، ’ٹیم گزشتہ دو تین سالوں سے بارڈر کا سیکوئل بنانے کے امکان پر بات کر رہی ہے اور اب سب کچھ اپنی جگہ پر آ گیا ہے، کیونکہ ٹیم باضابطہ اعلان کرنے کے لیے تیار ہے‘۔

بارڈر ٹو مبینہ طور پر 1971 کی پاک بھارت جنگ کی ایک ایسی کہانی پر مشتمل ہوگی جسے ابھی تک بڑے پردے پر نہیں دکھایا گیا۔

پنک ولا کے مطابق ایک ہیوی آن ایکشن فلم ہونے کی وجہ سے ٹیم ”بارڈر“ کی پوری سابقہ کاسٹ کو اکٹھا کرنے کے بجائے نوجوان اداکاروں کو کاسٹ کرے گی۔

سنی دیول شاید ”بارڈر“ کے واحد اداکار ہوں گے جو ”بارڈر 2“ کا بھی حصہ ہوں گے۔

”بارڈر“ 1997 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں جیکی شروف، سنیل شیٹی، اکشے کھنہ، سدیش بیری، پوجا بھٹ، تبو، شربانی مکھرجی کے ساتھ راکھی، کلبھوشن کھربندا اور پونیت اسار جیسے سینئر ستارے تھے۔

یہ اس دہائی کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک تھی۔

border

sunny deol

Gaddar 2

Border 2