عمران نے کارکنوں کو گمراہ کیا، پختونخوا سے پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا، پرویز خٹک
نوشہرہ میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا پہلا پاور شو جاری ہے، اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو گمراہ کیا، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا، خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کو چھوڑ چکے ہیں۔
پرویز خٹک کی قیادت میں بننے والی نئی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹرین کا نوشہرہ کینٹ بائی پاس پر جلسہ جاری ہے۔
جلسہ گاہ میں 5800 کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ 20 فٹ اونچا اور 80 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا سے عمران خان کا صفایا کریں گے، پرویز خٹک
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویزخٹک نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو گمراہ کیا، کارکنوں کی تربیت کرنا لیڈر کی ذمہ داری ہوتی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کو چھوڑ چکے ہیں، خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جب پی ٹی آئی چھوڑی تو کچھ بچے سوشل میڈیا پر بیٹھ خر گالیاں دیتے ہیں، لیڈر نے انہیں تمیز اور تہذیب نہیں سکھائی، لیڈر وہ ہوتا ہے جو کارکنوں کو تمیز و تہذیب سکھائے، جو کہتے تھے کہ پرویز خٹک اکیلا ہے آج وہ اکیلا ہے اور نوشہرہ میرے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غرور کرتا ہے اور غرور اللہ کو پسند نہیں کرتا، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا صفایا نہ کیا تو نام بدل دینا، پی ٹی آئی کی جتنی خدمت میں نے کی ہے کوئی نہیں کرسکتا، 2013 تحریک انصاف کی کامیابی ان الیکٹیبلز کی وجہ سے تھی جو میرے ساتھ آئے تھے، میری وجہ سے پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے مزید کہا کہ عمران خان ہر تقریر میں خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے، نوجوانوں آپ کو غلط فہمی ہے کہ عمران خان آئے گا اور نیا پاکستان بنائے گا،عمران خان خاک نیا پاکستان بنائے گا، انہوں نے میرے جیسے بندے کو بھی بیوقوف بنایا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ہمارے ساتھ ہوں گے، وہ منشور بنائیں گے جو قابل عمل ہوگا، عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے، صوبے سے عمران خان کا صفایا کریں گے۔
ابھی آغاز ہے پورے صوبے میں جلسے کریں گے، محمود خان
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رہنما محمود خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک پرانا دوست ہے ابھی پارٹی کا سربراہ ہے، نوشہرہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جلسے کی کامیابی پر عوام کا شکر گزار ہوں۔
محمود خان نے کہا کہ ملک میں 130 تک سیاسی پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں لیکن الیکشن میں چند ہی ہوتے ہیں، پی ٹی آئی پی صوبے میں آئندہ حکومت بنائی گی، ابھی آغاز ہے پورے صوبے میں جلسے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 سال پی ٹی آئی کو دیے جو ہوسکا پارٹی کے لیے کیا، نوجوانوں کو کہتا ہوں آپ کو بد تمیز نہیں بنائیں گے، کسی کے خلاف بات نہیں کریں گے، جو پچھلے نو سال میں آپ نے دیکھا صوبے کو پرویز خٹک لیڈ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ پولیس ریفامز، صحت کارڈ اور بی آر ٹی جیسے منصوبے صوبے کو دیے، سوات موٹر وے تعمیر کیا پشاور تا ڈی آئی خان اور دیر موٹروے تعمیر کی، بدقسمتی سے ہم اپنی مدد پوری نہ کرسکے۔
محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں درجنوں منصوبے عوام کی فلاح کے لیے مکمل کیے، آئندہ ہم خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے، صوبے میں امن کا مسلئہ ہے اس کو ٹھیک کریں گے، ساؤتھ ریجن میں زراعت کا پوٹینشل موجود ہے بہت چیزیں ہیں جو ہم کریں گے، اگر آپ نے کرپشن اور بیڈ گورننس کو ختم کرنا ہے تو پی ٹی آئی پی کو لانا ہوگا۔
یاد رہے کہ پرویز خٹک نے عمران خان سے راہیں جدا کرنے کے بعد تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے نام سے نئی جماعت کا اعلان کیا جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین کو شامل کیا۔
’جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ہونے والے ایم پی ایز پرویز خٹک کے اجلاس سے برآمد‘
پرویز خٹک نے نئی جماعت جولائی میں بنائی تھی جب پی ٹی آئی کے کئی اراکین نے ان کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کی۔
اس کے بعد اگست کے شروع میں انہیں پارٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ جب کہ محمود خان کو وائس چیئرمین بنایا گیا۔
Comments are closed on this story.