Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کیلئے غیرملکی سفیروں سے مدد طلب، بیرون ملک بھیجے جانے کے امکانات

پارٹی کی سینیئر قیادت کی چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف دلانے کی کوشش
اپ ڈیٹ 19 اگست 2023 10:44am
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں بیرون ملک بھیجنے کی پیشکش کی گئی ہے، ساتھ ہی پارٹی کی سینیئر قیادت نے ریلیف دلانے کے لیے مغربی ممالک کے سفیروں سے بھی مدد مانگ لی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بیرون ملک منتقلی سے متعلق آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر بلوچستان عبدالقادربلوچ نے کہا تھا کہ پارٹی پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے غیرملکی سفیروں سے ملاقات کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے مدد مانگی جارہی ہے۔

رواں سال کے آخرمیں عام انتخابات ہونے والے جس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں تیاریوں میں مصروف ہیں۔ جناح ہاؤس پر حملے کے بعد سے پی ٹی آئی کی سیاسی ساخت کو جو نقصان پہنچا ہے، مذکورہ اقدام اس کو بحال کرنے ایک کوشش ہوسکتی ہے تاکہ وہ بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے سکے۔

عبدالقادر بلوچ نے کہا تھا کہ عسکری نتصیبات پر حملے کا کیس خصوصی عدالت میں چلے گا اور حسان نیازی جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث تھے کیونکہ جناح ہاؤس کور کمانڈر لاہور کی رہائش گاہ تھی۔

سابق گورنر بلوچستان نے 9 مئی کے حوالے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بے شمار کیسز ہیں، ممکن ہے خصوصی عدالت میں ان کا بھی ٹرائل ہو اور سابق وزیراعظم کے ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف دلانے کے لیے مغربی ممالک کے سفیروں سے مدد مانگی ہے۔

شاہ محمود قریشی، رؤف حسن اور سینیٹر علی ظفر نے مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر چند روز قبل ہوئی تھی۔

ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر،کینیڈین ہائی کمشنر، یورپی یونین کی سفیر، ناروے کے سفیر سمیت انڈونیشیا کے سفیر بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ ملاقات میں پی ٹی آئی قیادت نے غیر ملکی سفیروں سے چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے پر مدد مانگتے ہوئےسفارت کاروں کو چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کے حالات کے بارے میں بریف کیا۔

مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی ٹیم نے امریکی سفیر سے سائفر کے معاملے اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدموں پر بات چیت کے ساتھ ہی سیاسی صورت حال اور انتخابات پر بھی بریف کیا۔

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf

chairman pti