Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

موٹرسائیکل ٹھیک نہ کرنے پر 3 افراد نے تشدد کرکے مکینک کو مار ڈالا

ورثاء کا لاش سٹرک کے درمیان رکھ کر احتجاج شروع
شائع 18 اگست 2023 04:55pm

موٹرسائیکل ٹھیک نہ کرنے کی پاداش میں تین افراد نے کاریگر کو تشدد کا نشانہ بناڈالا، جس سے مکینک جاں بحق ہوگیا، ورثاء نے نعش سٹرک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے۔

چنیوٹ کے علاقے تھانہ بھوانہ میں سفاک ملزمان نے موٹرسائیکل ٹھیک نہ کرنے کی پاداش میں کاریگر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث موٹرسائیکل مکینک دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ طاہرعباس نامی موٹرسائیکل مکینک کے پاس خضر حیات، پٹھانہ اور تصور نامی تین افراد آئے اور اپنا موٹرسائیکل ٹھیک کرنے کے لیے کہا۔

موٹرسائیکل مکینک طاہرعباس نے وقت زیادہ ہونے کے باعث چھٹی پر جانے کے باعث موٹرسائیکل ٹھیک کرنے سے انکار کردیا اور دوکان بند کردی، جس پر ملزمان طیش میں آگئے اور گھر جاتے ہوئے طاہر عباس پر تشدد شروع کردیا۔

مکینک طاہر عباس کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو 1122 کے عملے نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال پہنچایا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا، پولیس تھانہ بھوآنہ نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرلیا۔

دوسری جانب ورثاء نے نعش سٹرک کے درمیان رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں، احتجاج کے باعث جھنگ چنیوٹ روڈ بلاک ہو گیا ہے اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔

edhi