Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’چیف جسٹس جلائے گئے چرچ میں عدالت لگائیں‘

اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، چیئرمین پاکستان علما کونسل
شائع 17 اگست 2023 04:47pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے آرچ بشپ لاہور ڈاکٹر سبیسٹیئن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، ”چیف جسٹس جلائے گئے چرچ میں عدالت لگائیں“۔

علامہ طاہر اشرفی نے جڑانوالہ واقعات کے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پُرتشدد واقعات پر اقلیتوں سے معافی مانگنے آیا ہوں، حکومت اور مسلم عوام کی جانب سے معافی چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ حاصل ہے، کسی کو نقصان پہنچانا اسلام کی تعلیمات نہیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ حکومت مقدس مقامات کو اپنے خرچے پر بحال کرے، جو گھر جلے اس کا نقصان پورا کرے۔

اس موقع پر آرچ بشپ لاہور ڈاکٹر سبیسٹیئن نے کہا کہ ہم سب پاکستانی اور ایک قوم ہیں، ہر مسیحی کو مذہبی رواداری کی تعلیم دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر سبیسٹیئن نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی خوشی رہتے ہیں، کمیونٹی کی مدد پر مسلم بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔

علامہ طاہر اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر سبیسٹیئن نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: جڑانوالہ میں گرجا گھر اور مکانات نذرآتش ہونے کے بعد 100 افراد گرفتار

یاد رہے کہ پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات پر کشیدگی پیدا ہونے پر ایک سے زائد گرجا گھروں اور کئی گھروں کو جلا دیا گیا۔ پنجاب حکومت کے مطابق ہنگامہ آرائی کے بعد 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وضح رہے کہ جڑانوالہ میں بدھ کے روز پولیس نے دو افراد کے خلاف قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزام میں ایف آئی آر درج کی۔ بے حرمتی کی خبر پھیلی تو لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، اس دوران مشتعل افراد نے چرچ اور مسیحی برادی کے چند گھروں کو آگ لگائی، واقعے کے بعد شہر کے حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔

allama tahir ashrafi

Jaranwala

JARANWALA RIOTS

Jaranwala Incident