Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت پاکستانی کھلاڑیوں کو ہراسانی سے بچائے، پاکستان

فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے، ترجمان دفتر خارجہ، طالبان سربراہ کا بیان خوش آئند قرار
شائع 17 اگست 2023 01:14pm
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران (تصویر بزریعہ ریڈیو پاکستان)
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران (تصویر بزریعہ ریڈیو پاکستان)

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے، ایسا ماحول ہو جس میں تماشائی پاکستانی کھلاڑیوں کو ہراساں نہ کرسکیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی پربھارتی بیانات کاجواب نہیں دوں گی، ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو خوف اور ہراسانی سے پاک ماحول فراہم کرنابھارت کی ذمہ داری ہے، ایسا ماحول ہوجس میں تماشائی پاکستانی کھلاڑیوں کوہراساں نہ کر سکیں۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ یو این خصوصی رپورٹئیر برائے انسانی حقوق نے کشمیریوں کا معاملہ بھارت سےاٹھایا ہے۔

نئے الیکشن کے حوالے سے مختلف ممالک کے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے سیاسی معاملات کو آئین و قانون کے مطابق حل کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جڑانوالا واقعہ میں ملوث مجرمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ کا پاکستان کے اندر حملے کرنے کے خلاف بیان خوش آئند ہے، جب کہ روس کی طرف سے 14 اگست کے بیان اور انتظامات کیلیے شکرگزار ہیں۔

Pakistan Cricket Team

Pakistan Foreign Office