Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پی سی بی نے سخت ردعمل پر عمران خان کو ویڈیو میں شامل کر لیا

ویڈیو سے 1992 کے فاتح کپتان کو نکالے جانے پر بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا
شائع 17 اگست 2023 09:22am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی سی بی نے ورلڈ کپ سے قبل جاری کی جانے والی ویڈیو سے 1992 کے فاتح کپتان عمران خان کو نکالے جانے پر شدید تنقید کے بعد یہ ’غلطی‘ سدھار لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ پر بنائی جانے والی ویڈیو کا نیا پرومو جاری کردیا ہے جس میں عمران خان بھی شامل ہیں۔

کرکٹ بورڈ نے یہ ویڈیو جشن آزادی کے موقع پرجاری کی تھی جس میں 1952 سے لے کر حالیہ دور تک پاکستان کرکٹ کے تاریخی اور یادگارواقعات دکھائے گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر نئی ویڈیو شیئرکرتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ 2023 سے قبل پروموشنل مہم شروع کی گئی ہے جس کی ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپ لوڈ کی گئی تھی۔

پی سی بی کے مطابق طوالت کی وجہ سے ،ویڈیو کو مختصر کردیا گیا تھا اورکچھ اہم کلپس غائب تھے۔ اب ویڈیو کے مکمل ورژن میں اس کی اصلاح کی گئی ہے۔

شائقین کرکٹ کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی تھی کہ ویڈیو میں پاکستان کے لیے 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان سرے سے غائب ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کرکٹ سمیت پی ٹی آئی حامیوں کی جانب سے بھی پی سی بی کو اس اقدام پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سابق کرکٹ وسیم اکرم نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

اس کے بعد جاری کی جانے والی نئی ویڈیو میں عمران خان کو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ کلپس میں ان کی مختلف تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔

عمران خان کے علاوہ نئی ویڈیومیں مصباح الحق، پاکستان ویمنز ٹیم کی ایشین گیمز میں جیت اور ندا ڈار کا 100 وکٹوں کاریکارڈ بھی شامل ہے۔

imran khan