Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

چوری کی 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہوٹل کا کروڑ پتی مالک گرفتار

'چوبے جی' کے چھوٹی موٹی چوریوں سے کروڑ پتی بننے کی عجب کہانی
شائع 16 اگست 2023 08:24pm
منوج چوبے ایک اسکوٹر کی وجہ سے گرفتار ہوگئے (تصویر: انڈیا ٹوڈے)
منوج چوبے ایک اسکوٹر کی وجہ سے گرفتار ہوگئے (تصویر: انڈیا ٹوڈے)

بھارتی دارالحکومے دہلی کی پولیس نے 200 سے زیادہ ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ایک 48 سالہ کروڑ پتی ہوٹل کے مالک کو گرفتار کیا ہے۔

گرفتار شخص کی شناخت منوج چوبے کے نام سے ہوئی ہے، جو تقریباً 25 سال سے اپنے خاندان سے چھپ کر دوہری زندگی گزار رہا تھا۔

چوبے پر دہلی میں 2001 سے 2023 کے درمیان 15 مجرمانہ مقدمات میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

منوج چوبے کا اصل تعلق اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع سے ہے جہاں ان کا خاندان مقیم ہے۔ تاہم بعد میں وہ نیپال میں آباد ہو گئے۔

وہ پہلی بار 1997 میں دہلی آئے اور کیرتی نگر تھانے میں کینٹین چلانے لگے۔ لیکن کینٹین میں چوری کے الزام میں پکڑے جانے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

پولیس کے مطابق رہا ہونے کے بعد انہوں کرائے کے مکان میں رہائس اختیار کی اور چوریاں کرنی شروع کردیں۔

منوج چوریاں کرتے اور کافی رقم کما کر اپنے گاؤں لوٹ جاتے تھے۔

مزید پڑھیں

غیراخلاقی ویب سائٹ کی جانب سے ’کباب کی دکان‘ کو قانونی کارروائی کی دھمکی

چاکلیٹ آئسکریم پیش کرنے کا ’انتہائی غیر مہذب‘ انداز سرپھروں کو بھاگیا

شادی کے کئی سال بعد بیوی ’مرد‘ نکل آئی

منوج کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ پہلے ریکی کرتے اور پھر ماڈل ٹاؤن، روہنی، اشوک وہار اور پتم پورہ جیسے علاقوں میں بنگلوں، مکانات اور فلیٹس کو نشانہ بناتا تھا۔

منوج نے چوری کی رقم سے نیپال میں ایک ہوٹل بنایا۔ اس دوران انہوں نے اتر پردیش کے محکمہ آبپاشی میں ملازم ایک سرکاری افسر کی بیٹی سے شادی کی۔

انہوں نے اپنے سسرال والوں کو بتایا کہ دہلی میں ان کا پارکنگ کا کاروبار ہے اور انہیں ہر سال چھ سے آٹھ مہینے وہاں رہنا پڑتا ہے۔

اترپردیش میں انہوں نے اپنی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ گیسٹ ہاؤس بھی بنایا۔

منوج چوبے نے اسی قصبے میں اپنا پلاٹ ایک اسپتال کو بھی لیز پر دیا تھا جس کے لیے انہیں ماہانہ 2 لاکھ روپے کرایہ ملتا تھا۔

چوبے نے آخر کار اپنی فیملی کے لیے لکھنؤ میں ایک گھر بنایا۔

کروڑوں کی دولت ہونے اور لاکھوں روپے کرایہ وصول کرنے کے باوجود وہ ڈکیتیاں کرنے دہلی آتے رہے۔

پھر متاثرین میں سے ایک نے چوری کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی اور ایف آئی آر درج کی گئی۔

پولیس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج ملی، جس سے انہیں چوبے کو شناخت کرنے میں مدد ملی۔

ایک سی سی ٹی وی میں انہیں اسکوٹر پر سوار دیکھا گیا، جسے ونود تھاپا نامی شخص نے خریدا تھا۔ مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ چوبے نے سپنا نامی نیپالی خاتون سے شادی کی تھی اور اسے دہلی میں چھپا رکھا تھا۔ ونود اور سپنا بہن بھائی تھے۔

ونود نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بہنوئی اس کے اسکوٹر پر گھومتا رہتا تھا۔

اور آخر کار 10 جولائی کو پولیس نے چوبے کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چوبے کے خلاف چوری کے 15 مقدمات درج ہیں اور ماضی میں انہیں نو مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وہ نام بدلتے رہتے تھے اور واردات کے بعد چوری کی رقم کو جلدی سے چھپا دیا کرتے تھے۔

فی الحال چوبے جی سلاخوں کے پیچھے ہیں اور ان کی قسمت کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

Manoj Chaube

Robberies

millionaire