Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی کرنے والے گروہ کے 4 ارکان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے لوٹے گئے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے برآمد کرلئے گئے ہیں، پولیس
شائع 16 اگست 2023 03:43pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

صدر صرافہ بازار کے قریب سے دو کروڑ سے زائد کی رقم لوٹنے والے گروہ کے 4 کارندے پولیس نے گرفتار کر لئے، جن کے قبضے سے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

رینجرز کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل علی موسیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی شیراز نذیر نے بتایا کہ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے سرغنہ سمیت 4 کارندے گرفتار کرلئے ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے 5 اگست کو کراچی کے علاقے صدر صرافہ بازار کے قریب سے دو کروڑ سے زائد کی رقم لوٹی تھی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم میں سے ایک کروڑ 92 لاکھ روپے، اسلحہ، 12 موبائل فونز، 2 موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے ملزمان کا تعلق خیبر پختون خوا کے ضلع شانگلہ سے ہے، اور یہ ملک بھر میں لوٹ مار کی وارداتیں کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان منظم انداز میں واردات کرتے تھے، اور ہر کارندے کو علیحدہ کام سونپا جاتا تھا، ملزمان واردات سے قبل ریکی کرتے ہیں۔

چئیرمین آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا تھا زندگی بھر کی جمع پونجی دن دہاڑے لوٹ لی گئی تھی۔ جو پولیس اور رینجرز کی کوششوں سے واپس لوٹ گئی۔

واضح رہے کہ رواں برس 5 اگست کی شام ملزمان دن دہاڑے دو کروڑ بائیس لاکھ روپے باآسانی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔

Robbery

karachi robbers