Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’راکھ سے بھرا پیالہ اور تعویذ‘، عمران خان کے گھر چھاپہ مارنے والے پولیس افسر کے حیران کن دعوے

پولیس کو دروازے توڑ کر داخل ہونا پڑا بشریٰ بی بی نے بدکلامی کی، عمران کشور
اپ ڈیٹ 15 اگست 2023 09:09pm
ڈی آئی جی لاہور عمران کشور
ڈی آئی جی لاہور عمران کشور

عدالتی حکم پر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے والے ڈی آئی جی لاہور عمران کشور کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب گرفتاری کیلئے زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تو بشریٰ بی بی کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔

عمران خان کو عدالتی حکم پر 5 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس آپریشن کی نگرانی خود عمران کشور کر رہے تھے۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی عمران کشور نے کہا کہ چھاپے کے دوران بشریٰ بی بی نے پولیس اہلکاروں سے بدکلامی کی، اس دوران کچھ چیزیں بھی قبضے میں لی گئیں۔

مزید پڑھیں

بشریٰ بی بی جے آئی ٹی کے سامنے پیش، 20 سوالات کے جواب دیے

جیل کے سیل میں عمران خان کے مبینہ خراب حالات فرخ حبیب نے بیان کر دیئے

عمران خان کی 9 مئی واقعات سے متعلق 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج

عمران کشور نے بتایا کہ ’تقریباً ساڑھے بارہ بجے کورٹ کا آرڈر آیا تھا اور اریسٹ وارنٹ آف کنوکشن (وارنٹ گرفتاری) کورٹ نے جاری کیا، اس وارنٹ کو لے کر ہم وہاں (عمران خان کی رہائش گاہ) پہنچے اور دس پندرہ منٹ کے اندر اندر ہم نے یہ مکمل کیا، اریسٹ وارنٹ آف کنوکشن جو ہے اس کو ہم نے امپلیمنٹ (مکمل) کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب ہم وہاں پہنچے تو گیٹ نہ کھولا گیا، اس کے بعد آف کورس ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں تھی، ہم نے بریک ان (دروازہ توڑا) کیا، اندر والے جو دونوں گیٹ تھے وہ بھی انہوں نے بند رکھے، اور باقی ہم بریک ان کرکے اندر گئے‘۔

ڈی آئی جی عمران کشور نے بتایا کہ ’میرے ساتھ ان (بشریٰ بی بی) کے جملے۔۔۔ انہوں نے ابیوز (بدکلامی) کرنے کی کوشش کی، پولیس والے ہیں پیسے ڈھونڈنے آئے ہوں گے اس طرح کی انہوں نے باتیں کیں، پھر میں نے کہا پیسوں کی مجھے ضرورت نہیں آپ کو ضرورت ہے تو آپ لے لیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’فونز وغیرہ ہم نے قبضے میں لیے، ایک سلور کا باؤل (پیالہ) تھا وہ جب میں کھولنے لگا تو انہوں نے کہا کہ جی اس کو آپ نہ کھولیں، میں نے اس سلور باؤل کو کھولا تو اس میں ایک پوٹلی تھی جس میں راکھ تھی اور ایک تعویذ تھا جس کو پڑھا نہیں جاسکتا تھا، ایک چھوٹی سی تسبیح تھی‘۔

جب عمران کشور سے سوال ہوا کہ آپ نے پوچھا نہیں یہ راکھ کیوں رکھی گئی ہے یہ کیا چیزیں ہیں؟ تو انہوں نے جواب میں کہا کہ ’انہوں نے خود ہی کہا کہ یہ مقدس چیزیں ہیں، ان کو آپ نہ چھیڑیں‘۔

ڈی آئی جی لاہور نے بتایا کہ عمران خان کو گرفتاری کے بعد ہمیں بس انہیں جیل ٹرانسپورٹ کرنا تھا۔

imran khan

bushra bibi

Imran Khan Arrested August 5