Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں ترقیاتی کام جاری رہیں گے، نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ

بیورو کریٹ سمیت جو بھی بہتر اور قابل ہوگا اسے کابینہ میں شامل کریں گے، جسٹس (ر) مقبول باقر
اپ ڈیٹ 15 اگست 2023 07:04pm
نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر۔ فوٹو — فائل
نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر۔ فوٹو — فائل

نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ بیورو کریٹ سمیت جو بھی بہتر اور قابل ہوگا اسے کابینہ میں شامل کریں گے۔ مجھ پر دباؤ آئے گا نہ کوئی غیر قانونی کام کروں گا۔

آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ حلف برداری کے بعد سب سے پہلی ترجیحی کابینہ کی تشکیل ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ کابینہ کے بعد سب سے اہم ترجیحی صاف و شفاف الیکشن کرانا ہے۔

کابینہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف بیورو کریٹ کو ہی شامل نہیں کیا جائے گا بلکہ جو بھی بہتر اور قابل ہوگا اسے بھی کابینہ میں شامل کریں گے۔

اس سے قبل ایک بیان میں مقبول باقر نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا مجھ پر کوئی دباؤ آئے گا جب کہ میں کوئی غیر قانونی کام بھی نہیں کروں گا، واضح کرنا چاہتا ہوں الیکشن آئین و قانون کے مطابق ہوں گے۔

نامزد نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کرانا ہماری ذمہ داری ہے جب کہ حلقہ بندیاں کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، مگر اس معاملے میں انہیں بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ نگراں کابینہ چارج سنبھالنے کے بعد تشکیل ہوگی اور سندھ میں ترقیاتی کام معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈررعنا انصار کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پراتفاق کے بعد گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے مقبول باقر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی سمری پر دستخط کردیے تھے۔

karachi

Caretaker CM Sindh

Justice (Rtd) Maqbool Baqir