Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

گوادر میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 2 دہشت گرد ہلاک

حملہ چینی باشندوں کے قافلے پر ہوا، چینی میڈیا، باجوڑ میں فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے

گوادر میں اتوار کو سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ چینی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حملہ چینی باشندوں کے ایک قافلے پر ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر باجوڑ میں ایک سیکورٹی آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا، دہشت گردوں نے ہلکے ہتھیار اور دستی بموں کا استعمال کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے باعث 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ کسی بھی فوجی یا شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے مارے گئے دو لاشوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔

دوسری جانب چین کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ علاقے میں چینی شہریوں کے ایک قافلے پر حملہ کیا گیا تھا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

چینی کے نیم سرکاری سی جی ٹی این ٹی وی نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ جانے والے چینی انجینئرز کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایک اور چینی ویب سائٹ گلوبل ٹائمز نے کہا کہ چار بلٹ پروف گاڑیوں پر مشتمل قافلہ جا رہا تھا جس کے راستے میں دھماکہ ہوا اور ایک گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس کے بلٹ پروف شیشوں میں دراڑیں پڑ گئی۔

گوگل ٹائمز کے مطابق کراچی میں چینی قونصل خانے نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک کالعدم تنظیم نے حملے کہ ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

آصف زرداری نے گوادر میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے گوادر میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

آصف زرداری نے سیکیورٹی کی جوابی کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے جوابی کارروائی کرنے والے جوانوں کو شاباشی دی۔

سابق صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کو وطن دشمن سمجھ کر ان کا وجود مٹایا جائے، حملہ کرنے کے منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

باجوڑ میں 4 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چارمنگ باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک، اور ایک دہشت گرد کو زندہ پکڑ لیا گیا۔ جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی محمد شعیب بہادری سے لڑتے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 12 اور 13 اگست کی رات کو کیا گیا تھا، آپریشن میں اسلحہ، گولہ بارود اور خود کش جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔

فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں، اور فائرنگ کا سلسلہ آخری اطلاعات تک جاری تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

مزید پڑھیں: درہ آدم خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر ساتھیوں سمیت مارا گیا

باجوڑ اور تیرہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گرد کمانڈر سمیت 4 ہلاک

سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان اور ٹانک میں آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ جمعے کے روز بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مزبند کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی ہوا، جسے گرفتار کرلیا گیا۔

security forces

Gawadar

security forces operation