Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آج نیوز نے نگراں وزیراعظم بلوچستان سے ہونےکی خبر سب سے پہلے دی، صوبے کا منظرنامہ واضح

باپ سے وابستہ سیاستدان نواز لیگ میں شامل ہوکر صوبائی حکومت بنا سکتے ہیں
شائع 12 اگست 2023 03:28pm

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا اعلان کردیا گیاہے۔ آج نیوز نے ایک روز قبل ہی خبر دی تھی کہ اتحادی جماعتوں نے نگراں وزیراعظم چھوٹے صوبے سے منتخب کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اور ایسا ہی ہوا۔

انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے سے بلوچستان کا سیاسی منظر نامہ بھی واضح ہو رہا ہے۔ کاکڑ ان سیاستدانوں میں شامل ہیں جنہوں نے 2018 میں بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ جماعت بعدازاں باپ کے نام سے مشہور ہوئی۔ 2018 میں صوبہ ایک بڑی سیاسی تبدیلی سے گزرا اور باپ حکمران جماعت کے طور پر سامنے آئی۔

آج نیوز نے جولائی کے آخر میں خبر دی تھی کہ باپ کے بیشر اراکین مسلم لیگ نواز میں شامل ہونے والے ہیں اور مسلم لیگ ن صوبے میں آئندہ حکومت بنائے گی۔

کوئٹہ سے آج نیوز کے بیورو چیف مجیب احمد کے مطابق انوار الحق کاکڑ اس وقت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہیں اور نگراں وزیراعظم بننے کے باعث شامل بھی نہیں ہوں گے لیکن باپ کے سیاستدانوں کی جانب سے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی تیاریاں جاری ہیں۔

جولائی کے آخر میں آج نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے یہ یقینی طور پر یہ بہت بڑا سیاسی بریک تھرو ہونے جارہا ہے، الیکشن سر پر ہیں اور الیکٹیبلز کا بڑا گروپ وزیراعظم سے مل رہا ہے، ان سے ملاقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون کون ان کی جماعت میں شامل ہورہا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جب بھی الیکشن قریب ہوتے ہیں تو اس طرح کا ماحول دیکھنے کو ملتا ہے، اور لوگ اپنی اپنی جماعتوں سے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔

AAJ NEWS

BAP

Caretaker prime minister